صدر مملکت ممنون حسین کی سفیر احمد نسیم وڑائچ سے ملاقات،

پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے،پاکستان میں سوئس سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستانی طلبہ کے لیے وظائف کے حصول پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت

بدھ 20 ستمبر 2017 15:20

صدر مملکت ممنون حسین کی سفیر احمد نسیم وڑائچ سے ملاقات،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان تجارت میں اضافے اور پاکستان میں سوئس سرمایہ کاری کے فروغ پر بھر پورتوجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ یہ بات انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر احمد نسیم وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں اٴْن سے ملاقات کی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ کے ساتھ تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی وفود کا تبادلہ کیا جائے اور پاکستانی طلبہ کے لیے وظائف کے حصول پر توجہ دی جائے تاکہ پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ زرعی شعبے میں سوئس سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کیونکہ ملک میں اس وقت سرمایہ کاری کی بہترین مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مفاد عامہ کی سرگرمیوں میں اضافہ کے لیے ریڈکراس اور ریڈ کریسنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے کام کیا جائے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ دنیا کو بتایا جائے کہ دہشت گردی سے پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان ہوا اور پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا۔ نامزد سفیر احمد علی نسیم وڑائچ نے اس تعیناتی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔