او آئی سی رکن ریاستوں کو اسلامی جذبے کے ساتھ روہنگیا کے مسلمانوں کی مدد کرنی چاہیے، وفاقی وزیر قانون زاہد حامد

بدھ 20 ستمبر 2017 14:52

او آئی سی رکن ریاستوں کو اسلامی جذبے کے ساتھ روہنگیا کے مسلمانوں کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ کشمیر‘ فلسطین سمیت دنیا میں ہر جگہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم قابل مذمت ہیں، روہنگیا کے نہتے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے‘ عالمی میڈیا کو ان کے علاقوں تک رسائی دی جائے، او آئی سی کو روہنگیا مسلمانوں کی مدد کرنی چاہیے، میانمر کی حکومت ان مظالم کا سدباب کرے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں وزارت خارجہ کی جانب سے روہنگیا میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر وزارت خارجہ کے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ ارکان نے بحث کے دوران اچھی تجاویز دی ہیں۔ چوہدری نثار علی خان نے اہم تجاویز دی ہیں۔ فنڈ کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دفتر خارجہ کی طرف سے بیان پڑھ کر سنایا کہ روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم عالمی برادری کے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔

پاکستان نے کشمیر‘ فلسطین سمیت دنیا میں ہر جگہ مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور ان تک عالمی میڈیا کی رسائی یقینی بنائی جائے کیونکہ یہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف میانمار میں بطور اقلیت انتہائی امتیازی اور تعصب پر مبنی ہے۔ میانمار کی حکومت کو اس صورتحال کا جلد از جلد سدباب کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ او آئی سی رکن ریاستوں کو اسلامی جذبے کے ساتھ روہنگیا کے مسلمانوں کی مدد کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :