دہشتگردی کے خلاف ہم بہت کچھ کر چکے،

دنیا کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

بدھ 20 ستمبر 2017 14:52

دہشتگردی کے خلاف ہم بہت کچھ کر چکے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ہمارا موقف ہے کہ تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں اور ہر معاملہ یہاں زیر بحث آنا چاہیے‘ جنیوا میں پاکستان کے خلاف پیش آنے والے واقعہ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، دہشتگردی کے خلاف ہم بہت کچھ کر چکے ہیں‘ دنیا کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کی دفاع کی قائمہ کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس جی ایچ کیو میں ہوا جس میں یہ بات واضح طور پر زور دے کر کہی گئی کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اس کو اہمیت ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

ہمارا موقف ہے کہ تمام فیصلے اس ایوان سے ہونے چاہئیں اور ہر مسئلہ کو اس ایوان میں زیر بحث آنا چاہیے۔

بیشتر مسائل پر قراردادیں منظور ہوئیں مگر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ اس صورتحال کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا میں پاکستان کے خلاف پیش آنے والے اس واقعہ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ اس حوالے سے یہاں سے مضبوط آواز بلند ہونی چاہیے۔ پاکستان نے بہت کچھ کیا ہے ہمارے ذمہ داروں کو یہ بات نہیں کہنی چاہیے کہ پاکستان کو کچھ کرنا ہے۔ ہم بہت کچھ کر چکے ہیں۔ دنیا کو بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چوہدری نثار علی خان کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ آئی پی یو اور او آئی سی کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :