Live Updates

میری جنگ صرف شریف فیملی کیخلاف نہیں کرپشن کیخلاف ہے، عمران خان

بدھ 20 ستمبر 2017 14:42

میری جنگ صرف شریف فیملی کیخلاف نہیں کرپشن کیخلاف ہے، عمران خان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ میری جنگ صرف شریف فیملی کیخلاف نہیں بلکہ کرپشن کیخلاف ہے، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی خود کو نواز شریف اور آصف زرداری سے دور کریں، پاکستان کو اس مقام تک پہنچانے کے ذمہ دار یہی دو لیڈرز ہیں، جتنی کرپشن سندھ میں ہوئی اتنی کسی صوبے میں نہیں ہوئی، یہاں ہر ماہ چار ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ کہاں جاتا ہے، سندھ سے لانچوں کے ذریعے پیسہ باہر جاتا ہے،چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا،نوازشریف کی حکومت آئی تو ہرپاکستانی35 ہزار روپے کا مقروض تھا ،آج ایک لاکھ20 ہزار روپے کا مقروض ہے۔

کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا، ایک طرف پاکستانی قوم ہے اور دوسری طرف یہ ٹولہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ اب تک ہماری نظر کرپشن کے گاڈ فادر نوازشریف پر تھی، کوئی بھی انصاف کا نظام ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، ان لوگوں نے ہر طرف رشوتیں دے کر اپنے کرپٹ لوگ بٹھائے ہیں جو ان کی کرپشن بچاتے ہیں، انہوں نے پیسہ بنانے کے لیے ملک کا نظام اور ادارے تباہ کردیئے۔

اداروں میں باقی چوروں کو پکڑنے کی قابلیت نہیں، نوازشریف کا خاندان پیسہ باہر بھیجتا ہے۔انہوں نے کہاکہ چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا، جب نوازشریف اور آصف زرداری کی پارٹنرشپ ہوئی تب ہر پاکستانی 33 ہزار کا مقروض تھا جو اب ایک لاکھ 20 ہزار تک مقروض ہوگیا ہے، ان لوگوں نے ملک کو مقروض کردیا اور ان کے بچے ارب پتی بن گئے۔انہوں نے کہا کہ میری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں کرپشن کے خلاف ہے، ہم پورا زور لگائیں گے، کسی جماعت کی بات نہیں کررہا، آصف زردری اور نوازشریف ملک کو یہاں پہنچانے کے ذمہ دار ہیں، میری جنگ ان دونوں کے خلاف ہے۔

عمران خان نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو چاہیے کہ وہ ان لوگوں کو اپنے سے دور کریں، ملک اب کرپشن برداشت نہیں کرسکتا، اب کوئی چیز چھپی نہیں رہے گی۔ قوم اب ان کو برداشت نہیں کرے گی، ہم پوری قوم اور خاص کر سندھ کے لوگوں کو تیار کریں گے کیونکہ جتنی کرپشن سندھ میں ہے، پاکستان کے کسی حصے میں نہیں ہے۔ سندھ میں ترقیاتی فنڈز چوری ہورہے ہیں، پونے چارسو ارب کے ترقیاتی فنڈز کہاں چلے گئے، آصف زرداری اور فریال تالپور کمیشن بنارہے ہیں، یہ لوگ اقامہ کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتے ہیں، دبئی میں اکائونٹ کھلوا کر پیسہ وہاں منتقل کرتے ہیں جس کی وجہ سے کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا ہے، اب ایک طرف قوم اور دوسری طرف کرپٹ ٹولہ ہے، ملک کو اگر اس دلدل سے نکالنا ہے تو نوازشریف اور آصف زرداری کو شکست دینا پڑے گی۔

عمران خان نے کہا کہ محرم کے بعد پھر سندھ میں اگلا جلسہ کریں گے، پہلے پورا سندھ کور کریں گے اور پھر دسمبر میں کراچی میں مزار قائد پر بڑا جلسہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے انصاف ڈھونڈنا ہے تو عدلیہ کے علاوہ کس کے پاس جائیں گے، پہلے ہم سڑکوں پر جاتے تھے تو کہتے تھے عدلیہ میں آ، اب عدلیہ کے پاس گئے تو بھی بولا جارہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھ پر مقدمہ کرایا گیا جس پر خوشی ہے، میری جنگ باہر محلات بنانے والوں کے خلاف ہے انہیں جیل میں ڈالیں گے۔ خورشید شاہ اور نواز شریف ایک ہی چیز ہیں، اپوزیشن اور حکومت ملی ہوئی ہے، 9 سال سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں، نیب اور الیکشن کمیشن کا سربراہ بھی خود ہی لگا لیا اور نگراں حکومت بھی خود بنالیں گے، کوشش ہے کہ ایسا اپوزیشن لیڈر آئے جو ملک کے مسئلوں پر بات کرے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں کبھی نہیں سنا کہ الیکشن کمیشن توہین عدالت کی کارروائی کرتا ہے، مجھے میرا جرم بتایا جائے، مجھے پتا ہی نہیں کس بات پر وارنٹ جاری کردیئے، الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے اور توہین عدالت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔عمران خان نے کہا کہ این اے 120 میں پیسے چل رہے تھے تب الیکشن کمیشن کو کچھ نظر نہیں آیا، سارے قوانین توڑے گئے کسی کو نوٹس نہیں ملا، یہ زرداری اور نوازشریف کا کمیشن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم صفدر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں، اب پتا چل گیا کون ڈان لیکس کے پیچھے تھا، کوئی ملک میں اپنی فورسز کو ایسے بدنام نہیں کرتا جیسے (ن)لیگ کررہی ہے، یہ لوگ اپنی چوری بچانے کے لیے عدلیہ اور فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں، ان سے زیادہ کوئی بڑا مجرم اور ملک دشمن نہیں۔عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف بار بار کہہ رہے ہیں وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں، فوج اس سے بہتر اور کیا کرسکتی ہے، یہ لوگ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں جو وہ نہیں بنی اس لیے فوج کے پیچھے پڑ گئے، یہ لوگ اپنی ذات کے پیچھے ملک کو تباہ کررہے ہیں لیکن ہم ان کے سامنے کھڑے ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کہ اب نوازشریف اور الطاف حسین دونوں لندن میں بیٹھ کر خطاب کریں گے اور فوج کو برا بھلا کہیں گے جب کہ دونوں کے دوست مودی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات