موبائل میٹر ریڈنگ کا کام پورے ملک میں جاری ہے‘

کام 15 نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی کا قومی اسمبلی میں توجہ مبذول نوٹس کا جواب

بدھ 20 ستمبر 2017 14:32

موبائل میٹر ریڈنگ کا کام پورے ملک میں جاری ہے‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ موبائل میٹر ریڈنگ کا کام پورے ملک میں جاری ہے اور 93فیصد کام مکمل ہوچکا ہے‘ یہ کام 15 نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں ساجد نواز کے پشاور میں وارسک ون اور ٹو گل بیلہ‘ ناکمان اور ہریانہ فیڈروں سے صارفین کے بجلی کے بلوں میں میٹر ریڈنگ کی تصویر موجود نہ ہونے اور زائد بلنگ سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیئے ہوئے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ پورے ملک میں موبائل میٹر ریڈنگ کا کام جاری ہے۔

اس سلسلے میں 93 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ جن علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے وہاں یہ کام ہونا باقی ہے۔ یہ کام 15 نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

توجہ مبذول نوٹس پر ساجد نواز‘ ساجد احمد‘ عاقب اللہ قیصر غجمال اور ڈاکٹر شیریں مزاری کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ کراچی میں بجلی کے مسائل کو گورنر ہائوس میں کے الیکٹرک کے حکام کو طلب کرکے حل کیا جائے گا۔ زائد بلنگ اور لائن لاسز کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے مگر زائد بلنگ بعض اوقات کمپیوٹر کی غلطی کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلنگ ’’تکے‘‘ سے نہیں بلکہ کمپیوٹرائزڈ ہوتی ہے ہم نے اس معاملے پر ساڑھے تین سو ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیا ہے۔