اوآئی سی اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں سے متعلق فیصلے ہوئے ،ْ اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن میانماربھیجنے پراتفاق ہوا ہے ،ْملیحہ لودھی

ترک صدرطیب اردوان نے افغان معاملے اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے ،ْ پاک امریکا بات چیت جاری رکھنے کیلئے امریکی وفد اکتوبر میں پاکستان آئیگا ،ْوزیر اعظم سے سری لنکن صدر کی ملاقات میں کرکٹ کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،ْمیڈیا کو بریفنگ کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق ایران کے صدر کا بیان خوش آئند ہے ،ْ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ

بدھ 20 ستمبر 2017 14:09

اوآئی سی اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں سے متعلق فیصلے ہوئے ،ْ اقوام متحدہ ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ اوآئی سی اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں سے متعلق فیصلے ہوئے ،ْ اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن میانماربھیجنے پراتفاق کیا گیا ہے ،ْترک صدرطیب اردوان نے افغان معاملے اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے ،ْ پاک امریکا بات چیت جاری رکھنے کیلئے امریکی وفد اکتوبر میں پاکستان آئیگا ،ْوزیر اعظم سے سری لنکن صدر کی ملاقات میں کرکٹ کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیراعظم کی عالمی رہنمائوں سے مفید ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ امریکی نائب صدر مائیک پنس سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات اہم رہی، افغانستان سے متعلق پاکستان اور امریکا بات چیت جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی نائب صدر کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا، پاکستان اور امریکا کے درمیان معاملات بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق ہوا۔ امریکی وفد اکتوبر میں مذاکرات کیلئے پاکستان آئے گا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

ترکی نے افغان حکمت عملی سے متعلق پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔ ترک صدر نے روہنگیا کے مسلمانوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ترکی بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کی امداد کرنا چاہتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سری لنکا کے صدر سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات کے دوران سارک سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ شاہ عبداللہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے اردن کے مہاجرین کیلئے اقدامات کو سراہا۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ایران کے صدر محمد حسن روحانی کی ملاقات بہت اہمیت کی حامل تھی۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق ایران کے صدر کا بیان خوش آئند ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی روابط سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ او آئی سی اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں سے مختلف امور زیر بحث آئے۔

روہنگیا مسلمانوں سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔ بنگلہ دیش نے روہنگیا مہاجرین کیلئے عالمی امداد کی اپیل کی ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ علاقائی امور میں پاکستان کو ایک اہم مقام حاصل ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ سری لنکا کے صدر کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران کرکٹ کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔