چین کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ تین گنا اضافے کے ساتھ 12 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔وفاقی وزیر تجارت

بھارت کے ساتھ تجارت میں بھی پاکستان مسلسل خسارے میں جارہا ہے۔ چار سال میں بھارت سے 7 ارب 34 کروڑ ڈالر کا سامان منگوایا گیا اور اس کے ساتھ تجارتی خسارہ 5 ارب 94 کروڑ ڈالر رہا۔قومی اسمبلی میں تجارتی خسارے کی پیش کردہ تفصیلات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 ستمبر 2017 13:50

چین کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ تین گنا اضافے کے ساتھ 12 ارب ڈالر ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 ستمبر۔2017ء) چین کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ تین گنا اضافے کے ساتھ 12 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران چین کے ساتھ گزشتہ 5 سال کے تجارتی خسارے کی تفصیلات ایوان میں پیش کی گئیں۔ وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے انکشاف کیا کہ 5 سال میں چین کیساتھ تجارتی خسارے میں 3 گنا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں خسارہ 12 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت پرویز ملک نے بتایا کہ 2016-17 میں چین کے ساتھ تجارتی خسارہ 12 ارب 67 کروڑ ڈالر ہوگیا جو ایک سال پہلے 16-2015 میں 10 ارب 43 کروڑ ڈالر تھا۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 15-2014 میں چین کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ 8 ارب ڈالر اور 14-2013 میں 5 ارب 35 کروڑ ڈالر رہا جبکہ 13-2012 میں یہ خسارہ 4 ارب ڈالر تھا۔وزیر تجارت کے مطابق بھارت کے ساتھ تجارت میں بھی پاکستان مسلسل خسارے میں جارہا ہے۔ چار سال میں بھارت سے 7 ارب 34 کروڑ ڈالر کا سامان منگوایا گیا اور اس کے ساتھ تجارتی خسارہ 5 ارب 94 کروڑ ڈالر رہا۔