Live Updates

نیب نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی‘عدالت عظمی نے اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نمبرالاٹ کردیا

نوازشریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، شمیم اختر اورصبیحہ عباس کو کیس میں فریق بنایا گیا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 ستمبر 2017 13:31

نیب نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل ..
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 ستمبر۔2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔نیب نے شریف فیملی کیخلاف حدیبیہ اپیل سپریم کورٹ میں دائر کرتے ہوئے عدالت سے شریف خاندان کے خلاف دوبارہ تحقیقات کا حکم جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ نیب نے یہ اپیل لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کا میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا گیا تھا لہذا حدیبیہ کیس میں دوبارہ تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔

نیب نے اپنی اپیل میں کہا کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں مقدمے سے متعلق نئے شواہد سامنے آئے ہیں جن کی روشنی میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جا رہی ہے، اپیل کو سماعت کے لئے منظور کیا جائے اور لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر نیب کو کیس کی مزید تحقیقات کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

نیب نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حقائق کو دیکھے بغیر مقدمے کا فیصلہ کیا اور عدالت کے ایک جج نے دوبارہ تحقیقات کے حق میں فیصلہ دیا تھا، جب کہ قانونی معیاد میں اپیل دائر نہ کرنے کی قدغن بھی ختم کی جائے۔

نیب نے اپنی اپیل میں سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، شمیم اختر اورعباس شریف مرحوم کی اہلیہ صبیحہ عباس کو حدیبیہ پیپر ملز کیس میں فریق بنایا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی سماعت کے دوران حدیبیہ پیپلز کیس کے معاملے میں چیئرمین نیب پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔عدالت عظمی نے اپنے فیصلے میں بھی نیب کو عدالتی چارہ جوئی کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس سے متعلق نیب کی اپیل ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور ان کے مرحوم بھائی عباس شریف کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز ہے۔ حدیبیہ پیپر ملز کیس سے متعلق عدالت عظمیٰ میں دائر اپیل میں نیب نے استدعا کی کہ ریفری جج ہائیکورٹ کے احکامات کو کالعدم قرار دینے کا اختیار نہیں رکھتا تھا۔

نیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی جانب سے جمع کیے گئے مواد کے بعد حدیبیہ کیس کی اس سر نو تحقیقات کی ضرورت نہیں جبکہ جے آئی ٹی کی جانب سے نیا مواد سامنے لانے کے بعد نیب اپنی قانونی ذمہ داریوں سے بری الزمہ نہیں ہو سکتا۔ سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیب اپیل کو 3258 نمبر الاٹ کر دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے نیب اپیل مزید احکامات کے لئے فکسیشن برانچ کو بھجوا دی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات