چوہدری نثار نے امریکی ڈرون حملوں کو ملکی خودمختاری پر حملہ قراردیدیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 ستمبر 2017 13:20

چوہدری نثار نے امریکی ڈرون حملوں کو ملکی خودمختاری پر حملہ قراردیدیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 ستمبر۔2017ء) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے امریکی ڈرون حملوں کو ملکی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ 15 ستمبر کو ڈرون حملہ ہوا مگر اس کی روایتی مذمت بھی نہیں کی گئی۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جس دن حملہ ہوا، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اسی دن امریکی سفیر سے ملے، اس ڈرون حملے کے خلاف پاکستان کی آواز واضح اٹھنی چاہیے تھی ۔

چوہدری نثار نے کہا کہ دنیا میں ہمارے دوست کم اوردشمن زیادہ ہیں، ساتھ ہی انہوں نے حال ہی میں ہونے والے برکس اجلاس کا بھی ذکر کیا جس کے اعلامیے میں پاکستان سے دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سابق وزیر داخلہ نے بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دشمن ملک ایک سال سے اس اعلامیہ کے لئے کوششیں کررہا تھا ۔

چوہدری نثار نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ برما میں مسلمان مر رہے ہیں، انسانی حقوق کے علمبردار کہاں ہیں؟انہوں نے تجویز دی کہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے نجی اور سرکاری طور پر فنڈز اکٹھے کرنے چاہئیں جبکہ اراکین اسمبلی کی تنخواہیں روہنگیا مسلمانوں کے فنڈز میں شامل کی جائیں۔