مظفرآباد‘ تولی پیر ریسٹ ہائوس راولاکوٹ میں ہونے والی مبینہ کرپشن میں ملوث ملزم ٹھیکیدار سردارمحمد یونس گرفتار

ملزم مذکور کو احتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم کے حوالے کرتے ہوئے سیف ہائوس احتساب بیورو میرپور منتقل کردیا گیا

بدھ 20 ستمبر 2017 13:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2017ء) آزاد جموں و کشمیر احتساب بیورونے تولی پیر ریسٹ ہائوس راولاکوٹ میں ہونے والی مبینہ کرپشن میں ملوث ملزم ٹھیکیدار سردارمحمد یونس کو گرفتار کر لیا ۔تولی پیر راولاکوٹ کے مقام پر محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحوں کیلئے ریسٹ ہائوس کی تعمیرکا کام ممتاز بلڈرز کو الاٹ کیا گیا۔ سردار محمد یونس ممتاز بلڈرز فرم کا مالک ہے۔

ملزم مذکور نے غیر قانونی طور پر خزانہ سرکار سے محکمہ سیاحت کے عملہ کی ملی بھگت سے 71 لاکھ روپے سے زائد کی راقم سرکاری خزانے سے غیر قانونی وصول کی اور موقع پر تصرایحات کے مغائر غیر معیاری تعمیراتی میٹریل استعمال کرتے ہوئے ریسٹ ہائوس کا کام کیا۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے تولی پیر میں ریسٹ ہاوس کی تعمیر کا یہ پراجیکٹ سال 2009 میں ایک کروڑ روپے کی لاگت سے منظور ہوا جبکہ ٹھیکیدار کو ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپے میں یہ کام الاٹ کیا گیا تھا جو تاحال التواء کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

آزاد جموں و کشمیر احتساب بیورو نے اسی منصوبہ میں سردار گلفراز کوبھی گرفتا ر کیا تھا ۔سردار گلفراز ٹھیکیدار سردار محمد یونس کا بھانجا تھا جبکہ ملزم مذکور کے نام ٹھیکہ الاٹ نہ تھااس کے باوجود ملزم مذکور نے غیر قانونی طور پر تولی پیر ریسٹ ہائوس راولاکوٹ کا سارا کام خود کروایا تھا۔ ملزم مذکور نے نہ صرف موقع پر غیر معیاری کام کروایا بلکہ خزانہ سرکار سے بلات کی مد میں لاکھوں روپے وصول کئے۔

احتساب بیورو کی طرف سے ملزم سردار گلفراز سے ریکوری کی جا چکی ہے۔ ملزم سردار محمد یونس کو ریمانڈ کیلئے احتساب کورٹ نمبر02 میرپور میں پیش کیا گیا ۔ملزم مذکور کو احتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم کے حوالے کرتے ہوئے سیف ہائوس احتساب بیورو میرپور منتقل کردیا گیا جہاں پر ملزم مذکور سے مزید تفیش جاری ہے۔نیز اس منصوبہ میں ملوث دیگر ملزمان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :