امن کا عالمی دن کل منایا جائے گا

بدھ 20 ستمبر 2017 13:33

امن کا عالمی دن کل منایا جائے گا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء)پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن کل منایا جائے گا۔ اس موقع پرمختلف بین الاقوامی اور ملکی تنظیموں سمیت امن کیلئے جدو جہد کرنے والی این جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی ورکشاپس ، سیمینارز، کانفرنسز ، مباحثوں ، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں سیاست ، صحافت ، وکالت ، صنعت و حرفت،تجارت سمیت مختلف اہم شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات خطاب کریں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امن کی اہمیت و افادیت اور اس کے ملکی معیشت و اقتصادیات ، کاروبار و تجارت ، علاقائی تعمیر و ترقی ، غربت و بے روز گاری اور مہنگائی و بد امنی ، افرا تفری و اضطراب کے خاتمہ سمیت دیگر مثبت اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ اقوام متحدہ نے امن کے نظریات کے فروغ اور جمہوریت کی آبیاری کیلئے اس بار عالمی یو م امن کا عنوان ''اپنی آواز کو بااثر بنائیں ،اپنی رائے کا اظہار کریں ''رکھا ہے ۔