حکومت نی پی ایس ڈی پی کے تحت ریونیو ڈویژن کے منصوبوں کے لئے 9 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کر دیئے

بدھ 20 ستمبر 2017 12:59

حکومت نی پی ایس ڈی پی کے تحت ریونیو ڈویژن کے منصوبوں کے لئے 9 کروڑ 30 لاکھ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام برائے سال 2017-18ء کے تحت ریونیو ڈویژن کے مختلف منصوبوں کے لئے 9 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کردیئے ہیں۔ رواں مالی سال کے سرکاری شعبہ کے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت ریونیو ڈویژن کے منصوبوں کے لئے 79 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے تھے جس میں 10 کروڑ 50 لاکھ روپے غیرملکی مالی معاونت بھی شامل ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے بارڈر سروس پروجیکٹ کے تحت یکجا ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم کی ترقی کے لئے ساڑھے تین کروڑ روپے جاری کئے ہیں‘ اس منصوبے کے لئے رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 25 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے جس میں 10 کروڑ روپے کی غیر ملکی مالی معاونت شامل ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 31 ارب 62 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے پاکستان میں ان لینڈ ریونیو آفسز کے قیام کے لئے 4 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے تحت اس منصوبے کے لئے رواں سال میں 14 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اسی طرح کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر سکیورٹی میں بہتری کے منصوبہ کے تحت 4 سکینرز کی تنصیب کے لئے ڈیڑھ کروڑ روپے کے فنڈ جاری کئے گئے ہیں۔ رواں مالی سال کے تحت اس منصوبے کے لئے ساڑھے پانچ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں جائیکا کی جانب سے 50 لاکھ روپے کی معاونت بھی شامل ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں علاقائی ٹیکس دفتر کی تعمیر کے لئے 30 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں، اس منصوبے کے لئے رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں ایک کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔