لاہور سمیت ملک بھر تیل کی شدید قلت کا خدشہ‘ملک میں صرف6دن کا ذخیرہ رہ گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 ستمبر 2017 11:52

لاہور سمیت ملک بھر تیل کی شدید قلت کا خدشہ‘ملک میں صرف6دن کا ذخیرہ رہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 ستمبر۔2017ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں پٹرول کی شدید قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور ملک میں صرف 6 روز کیلئے پٹرول کا ذخیرہ باقی ہے، پٹرول کی قلت کے باعث شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے- پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ممکنہ بحران کی ذمہ داری وزارت پٹرولیم اور اوگرا پر عائدہوتی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پٹرول بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، شہر کے کئی پٹرول پمپس میں پٹرول نایاب ہو گیا اور اگر کہیں مل بھی رہا ہے تو وہاں شہریوں کی لمبی قطاریں لگی نظر آتی ہیں، پٹرول بحران کے پیش نظر شہری بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ حکومت مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرے۔

(جاری ہے)

پٹرول پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ سپلائی پوری نہ ملنے سے قلت پیدا ہوئی، پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خواجہ عاطف کا کہنا ہے کہ ملک میں صرف6 روز کیلئے پٹرول کا ذخیرہ باقی رہ گیا جبکہ قانون کے مطابق ملک میں20 روز کا ذخیرہ ہونا ضروری ہے، ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں طلب کے برعکس 30 سے 40 فیصد پٹرول فراہم کیا جارہا ہے-پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پی ایس او سمیت دیگر کمپنیوں نے پٹرول خریداری کے آرڈر میں تاخیر کی جبکہ شیل کمپنی نے لاجسٹک کپیسٹی کم کر دی ہے، خواجہ عاطف کا کہنا ہے کہ حکومتی اداروں کا کام سپلائی کی مانیٹرنگ کرنا ہے جسے نظر انداز کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :