پاکستان کو روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش،

امداد کی ہر کوشش کی حمایت کرے گا‘ روہنگیا مسلمانوں کے لئے او آئی سی مسلم امہ کی مشترکہ آواز بنے‘ میانمار حکومت اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو جائزے کی ہدایت دے‘ چار لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر ہونا پڑا‘ عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لئے دبائو ڈالے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس کے موقع پر بیا ن

بدھ 20 ستمبر 2017 12:04

پاکستان کو روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش،
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان روہنگیا مسلمانوں کی امداد کی ہر کوشش کی حمایت کرے گا‘ روہنگیا مسلمانوں کے لئے او آئی سی کو مسلم امہ کی مشترکہ آواز بننا چاہئے‘ میانمار حکومت اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو جائزے کی ہدایت دے‘ پاکستان کو میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش ہے‘ چار لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر ہونا پڑا‘ عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لئے دبائو ڈالے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت پر تشویش ہے۔

(جاری ہے)

سینکڑوں معصوم بچے‘ خواتین اور مرد جانوں سے گئے۔ چار لاکھ سے زائد افراد کو جبراً بے گھر ہونا پڑا‘ بے گھر افراد ہمسایہ ملکوں میں پناہ ڈھونڈھتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تفریق کا خاتمہ کرنا چاہئے۔ عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لئے دبائو ڈالے۔ میانمار حکومت مسئلے کے فوری حل کے لئے اقدامات کرے روہنگیا مسلمانوںکی آبادی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ عالمی قوانین کا احترام کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد بند کرایا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ میانمار حکومت اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو جائزے کی ہدایت دے متاثرہ آبادی تک فوری امداد کی فراہمی کی اجازت دی جائے روہنگیا پناہ گزینوں کی محفوظ واپسی کے لئے مناسب حالات پیدا کئے جائیں۔ روہنگیا مسلمانوں کو میانمار کے دیگر شہریوں کے مساوی حقوق دیئے جائیں۔ روہنگیا مسلمانوں کیلئے او آئی سی کو مسلم امہ کی مشترکہ آواز بننا چاہئے پاکستان روہنگیا مسلمانوںکی امداد کی ہر کوشش کی حمایت کرے گا۔