وزیراعظم نے امریکی نائب صد ر سے امریکہ کی جنوبی ایشیا بارے پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہارکردیا

بدھ 20 ستمبر 2017 11:55

وزیراعظم نے امریکی نائب صد ر سے امریکہ کی جنوبی ایشیا  بارے پالیسی پر ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر مائیک پنس سے امریکہ کی جنوبی ایشیا کے حوالے سے پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال چاہتے ہیں ، ہم دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھیں گے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان عالمی اتحاد کا حصہ ہے اور اس جنگ میں پاکستان نے بے پناہ نقصان اٹھایا ہے جبکہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو آگے برھانے ، امن‘ استحکام اور خطے میں اقتصادی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تعمیری سوچ کے ساتھ رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ۔

یہ اتفاق گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر مائیک پنس کے درمیان ملاقات میں کیاگیا جس میں دونوں کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوا‘ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات‘ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کی جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی، وزیرخارجہ خواجہ آصف، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری اور فواد حسن فواد بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشاء کے حوالے سے امریکی پالیسی پر اپنے تحفظات مائیک پنس کو پہنچائے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے عشروں سے جاری تاریخی شراکت داری پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو آگے لے جانے پر اتفاق کیا۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک امن‘ استحکام اور خطے میں اقتصادی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تعمیری سوچ کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رابطے جاری رکھے جائیں گے۔امریکی نائب صدر مائیک پنس نے شاہدخاقان عباسی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے تعلقات کواہمیت دیتا ہے اور خطے میں امن اور سلامتی کے لیے امریکہ، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ، پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتا ہے اور ساتھ ہی پاکستان سے بہتر تعلقات کے لیے نئی راہیں بھی تلاش کر رہے ہیں۔دوسری جانب شاہد خاقان عباسی نے کہا امریکا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال چاہتے ہیں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھیں گے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان عالمی اتحاد کا حصہ ہے اور اس جنگ میں پاکستان نے بے پناہ نقصان اٹھایا ہے جبکہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔