نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کے قیام کے لئے جدید ڈیزائن تیار

بدھ 20 ستمبر 2017 11:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء)پشاور کی ضلعی حکومت نے نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کیلئے جدید ڈیزائن تیار کرلیا ،جس پر آئندہ ماہ کام کا باقاعدہ آغاز کردیا جائیگا۔ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کی زیر صدارت نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا جس میں ایکسین بی سی اے رشیداللہ ‘ نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کے فوکل پرسن وڈسٹرکٹ ممبر مبشر منظور ‘ ڈسٹرکٹ ممبر ان تقدیر علی ‘سعید الرحمان صافی ‘ پی ایس او نصرت اللہ اور ودان کسلٹنٹ کے انجیئنر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ودان کنسلٹنٹ کے انجینئر ز نے مختلف ڈیزائن پر اجلاس کو بریفنگ دی جس کے بعد متفقہ طور پر نمک منڈی فوڈ سٹریٹ کیلئے جدید ڈیزائن کو منتخب کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے ڈیزائن فائنل ہونے کے بعد جلد سے جلد ماسٹر پلان تیارکرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اگلے ماہ سے منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کرنے کے احکامات جار ی کئے جبکہ فوکل پرسن مبشر منظور کو روزانہ کی کارروائی رپورٹ سے آگاہ کرنے اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں ا ور تاجروں کو آگاہ کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔