ْبلڈ سکریننگ کامقصد امراض خون میں مبتلا بچوں کو مہلک امراض سے محفوظ رکھناہے،صاحبزادہ حلیم

بدھ 20 ستمبر 2017 11:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) فرنٹیئرفائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ بلڈ سکریننگ کامقصد تھیلیسیمیا ودیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو دیگر مہلک امراض سے محفوظ رکھناہے، ادارہ میں رجسٹرڈ بچوں کو انتقال خون سے قبل بلڈ کیمپوں میں عطیہ کیاگیا خون باقاعدہ سکریننگ کے بعد مہیا کیاجاتا ہے،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ادارہ موروثی امراض میں مبتلا بچوں کو خون و اجزائے خون کی تمام سہولیات بلامعاوضہ فراہم کررہا ہے ،تھیلیسیمیا پرکنٹرول اور عطیات خون کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کیاجائے، تب ہی ہم تھیلیسیمیاسے پاک معاشرہ تشکیل دینے میں کامیاب ہوسکتے ہیں،انہوں نے مخیرحضرات سے حسب سابق مزید تعاون کی بھی اپیل کی اور کہا کہ آئندہ نسل کو تھیلیسیمیا سے پاک معاشرہ دینے کیلئے جہاں تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں وہیںاس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں، ہمیں محفوط مستقبل کیلئے ابھی سے نہ صرف اقدامات کرنا ہوںگے بلکہ امراض خون کے پھیلائومیں اضافہ کی وجوہات کوبھی ختم کرنا ہوگا۔