وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی عالمی رہنمائوں سے مفید ملاقاتیں ہوئی ہیں،

امریکی نائب صدر سے وزیراعظم کی ملاقات میں افغانستان سے متعلق پاکستان اور امریکا نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم نے امریکی نائب صدر کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا، پاکستان اور امریکا کے درمیان معاملات بات چیت سے حل کرنے پر بھی اتفاق ہوا، امریکی وفد اکتوبر میں مذاکرات کیلئے پاکستان آئے گا سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی پریس کانفرنس

بدھ 20 ستمبر 2017 11:28

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی عالمی رہنمائوں سے مفید ملاقاتیں ہوئی ..
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی امریکا میں اہم رہنمائوں سے ملاقاتوں اور دیگر مصروفیات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی عالمی رہنمائوں سے مفید ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اس موقع پر کہا کہ امریکی نائب صدر مائیک پنس سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات اہم رہی، افغانستان سے متعلق پاکستان اور امریکا بات چیت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی نائب صدر کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا، پاکستان اور امریکا کے درمیان معاملات بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

امریکی وفد اکتوبر میں مذاکرات کیلئے پاکستان آئے گا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ ترکی نے افغان حکمت عملی سے متعلق پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔ ترک صدر نے روہنگیا کے مسلمانوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ترکی بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کی امداد کرنا چاہتا ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سری لنکا کے صدر سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات کے دوران سارک سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ شاہ عبداللہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے اردن کے مہاجرین کیلئے اقدامات کو سراہا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ایران کے صدر محمد حسن روحانی کی ملاقات بہت اہمیت کی حامل تھی۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق ایران کے صدر کا بیان خوش آئند ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی روابط سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ او آئی سی اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں سے مختلف امور زیر بحث آئے۔ روہنگیا مسلمانوں سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔ بنگلہ دیش نے روہنگیا مہاجرین کیلئے عالمی امداد کی اپیل کی ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ علاقائی امور میں پاکستان کو ایک اہم مقام حاصل ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ سری لنکا کے صدر کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران کرکٹ کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔