صدر مملکت کے دورہ سے پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی، دفتر خارجہ

بدھ 20 ستمبر 2017 11:28

صدر مملکت کے دورہ سے پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین کے حالیہ دورہ ترکمانستان سے دونوں ممالک کے باہمی اور علاقائی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے باہمی تعلقات مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر قائم ہیں اور یہ تعلقات مختلف شعبوں میں بڑی تیزی سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے ترکمانستان کے ہم منصب کی دعوت پر اشک آباد کا دورہ کیا اور وہاں 16 سے 18 ستمبر کے دوران منعقد ہونے والی ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان کے 130 رکنی دستے نے 9 مختلف کھیلوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے ترکمانستان کے صدر ایمان علی رحمانوف سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور ترکمانستان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے میں پیش رفت پر بھی کام کر رہے ہیں جس سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔