احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے پر اسحاق ڈار کے دوبارہ وارنٹ جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 ستمبر 2017 10:44

احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے پر اسحاق ڈار کے دوبارہ وارنٹ جاری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 ستمبر۔2017ء) احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 25ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں ہو ئی۔عدالت نے ملزم کو دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کرانے کاحکم دیاہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے عدم پیشی کی صورت میں عدالت سے وزیر خزانہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔اس سے قبل نیب لاہور نے اسحاق ڈار کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک سمیت تمام بینکوں کو خط لکھ دیا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار کو عدالت نے آج طلب کررکھا تھا مگر وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے جج نے ان کے پیش نہ ہونے پر استفسار کیا جس پر وزیر خزانہ کے پرٹوکول آفیسر فضل داد نے عدالت کو بتایا کہ وہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے لندن میں موجود ہیں، اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔جس پر عدالت نے پوچھا کہ وہ کب تک وطن واپس آئیں گے اور ان کی ذاتی مصروفیات کیا ہیں جس پر پرٹوکول آفیسر نے بتایا کہ انہیں اس کا علم نہیں۔

اس کے بعد عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔اس کے علاوہ عدالت نے اسحاق ڈار کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار آئندہ کی سماعت میں عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو ان کے نا قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔ جس کے بعد ریفرنس کی سماعت 25 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :