وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نائب امریکی صدر مائیک پنس سے ملاقات

پاکستان خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، دہشت گردی کیخلاف تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ نقصان اٹھایا ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پا کستان عالمی اتحاد کا حصہ ہے، وزیراعظم امریکہ پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، خطے میں امن اور سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں، امریکہ پاکستان سے طویل المدتی شراکت داری چاہتا ہے، پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کیلئے نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں، نائب امریکی صدر

بدھ 20 ستمبر 2017 08:10

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نائب امریکی صدر مائیک پنس سے منگل کو ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، دہشت گردی کیخلاف تعاون جاری رکھیں گے۔

پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ نقصان اٹھایا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان عالمی اتحاد کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال چاہتے ہیں۔ اس موقع پر امریکی نائب صدر مائیک پنس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، خطے میں امن اور سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ پاکستان سے طویل المدتی شراکت داری چاہتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کیلئے نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نائب امریکی صدر مائیک پنس سے ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی، امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری اور فواد حسن فواد بھی موجود تھے۔ امریکی وفد میں جنوبی ایشیا کیلئے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز وائٹ ہائوس میں قومی سلامتی کی ڈائریکٹر برائے پاکستان و افغانستان بھی شامل تھے۔