وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے انعقاد کے موقع پر سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات،دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ

بدھ 20 ستمبر 2017 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے انعقاد کے موقع پر سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین گہرے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سری لنکا اپنے دیرپا تعلقات اور ہمسائیگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھیں گے۔

سری لنکا کے صدر نے دہشتگردی کی لہر اور قدرتی آفات کے دوران پاکستان کے متواتر تعاون پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کو اہم ملک کی حیثیت اور اس سے اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا سارک کا اہم ملک ہونے کی حیثیت سے علاقائی تنظیم میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکا سے اپنے تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسیع کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے سری لنکن صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔