این ا ے 120کے ضمنی انتخاب کے دوران کچھ لیگی کارکنوں کو ان کے گھروں سے اٹھایا گیا جس کا کھوج لگائیں گے،شواہد کے بغیر کسی ادارے یا فرد پر انگلی نہیں اٹھائیں گے،مسلم لیگ (ن)کے اندر اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں ، مسلم لیگ (ن) میں نڈر قیادت مریم نواز کی صورت میں سامنے آئی،عوام کے ووٹ کی حرمت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا ،وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی پریس کانفرنس

منگل 19 ستمبر 2017 23:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ این ا ے 120کے ضمنی انتخاب کے دوران کچھ لیگی کارکنوں کو ان کے گھروں سے اٹھایا گیا جس کا کھوج لگائیں گے کہ یہ کس نے کیا اور کیوں کیا ‘ شواہد و ثبوت کے بغیر کسی ادارے یا فرد پر انگلی نہیں اٹھائیں گے ‘ شواہد ملنے پر کارروائی کریں گے‘مسلم لیگ (ن)ایک جمہوری پارٹی ہے ‘ جماعت کے اندر اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں ‘ مسلم لیگ (ن) میں نڈر قیادت مریم نواز کی صورت میں سامنے آئی‘ مشرف کی سوچ ملک میں بھٹکتی پھر رہی ہے جو منفی پراپیگنڈہ پر مبنی ہے ‘ مخالفین کی جانب سے سابق وزیر اعظم کی نااہلی آخری وار تھا ‘ عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔

وہ منگل کی شام ضمنی انتخاب این اے 120کے دوران اٹھائے جانے والے سینئر لیگی کارکن امجد نذیر بٹ کے پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور امجد نذیر بٹ بھی موجود تھے۔وزیر مملکت نے کہا کہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کے دوران کچھ شکایات موصول ہوئیں کہ کچھ لیگی کارکنوں کو نا معلوم افراد نے ان کے دفتروں اور گھروں سے اٹھایا اور نا معلوم نمبروں سے فون کالز کی گئیں، جن لوگوں کو اس پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہ مسلم لیگ (ن)کے اہم عہدیدار تھے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ کی ہدایت اور اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے وہ لیگی کارکن امجد نذر بٹ سمیت دوسرے اٹھائے جانے والے کارکنوں کے پاس معلومات حاصل کر رہے ہیں کہ یہ واقعہ کس طرح پیش آیااور اس کے محرکات کیا ہیں جبکہ اس حوالے سے معلومات لے رہے ہیں تاکہ تحقیقات کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ٹاسک دیا ہے کہ کسی ادارے کو علم ہے تو سامنے لے کر آئے اور کھوج لگائے کہ یہ کس نے کیا اور ان کے مقاصد کیا تھے‘ شواہد و ثبوت کے بغیر کسی ادارے یا فرد پر انگلی نہیں اٹھائیں گے‘کسی متاثرہ شخص کی طرف سے کوئی شکایت و اطلاع موصول ہوئی تو کارروائی کی جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نامعلوم کرداروں نے ملک میں جو کردار ادا کیا وہ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بدامنی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نا معلوم افراد کا عمل دخل سیاست سے ختم ہونا چاہئے اور سیاسی کارکنوں کو ان کا مقام ملنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ کی کھوج لگانے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ ایسی شکایات 2018ء کے عام انتخابات میں نہ ملیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ نے اپنا نقصان کیا ‘ محمد نواز شریف نے متنازعہ فیصلہ کو قبول کر کے عملدرآمد کیا۔انہوں نے کہا کہ نظر ثانی ا پیلیں مسترد ہوئیں جن پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کا مخالفین مائنس ون کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن مائنس ون کی بجائے پلس ون ہو گیااور مسلم لیگ (ن) میں نڈر قیادت مریم نواز کی صورت میں سامنے آئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئینی ترامیم بھی لے کر آئیں گے اور گرینڈ ڈائیلاگ بھی ہوگا، عوام کے ووٹ کی حرمت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا ۔