کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹز کی انتظامیہ ڈینگی کے سدباب کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کرے،رجسٹرارکوآپریٹوز پنجاب مرزا محمود الحسن کا سیمینار سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 23:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) رجسٹرارکوآپریٹوز پنجاب مرزا محمود الحسن نے کہا ہے کہ کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹز کی انتظامیہ ڈینگی کے سدباب کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں، رہائشی و تجارتی عمارات میں ڈینگی سرولنس جاری رکھی جائے، جنگلی گھاس پھوس جمع نہ ہونے دی جائے ، پانی کے ذخیروں اوور ہینڈ ٹینکس میں ڈینگی لاورا کے بریڈنگ سپاٹس پر نظر رکھی جائے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کے مستقل انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو پاک پی ڈبلیو ڈی ہاوسنگ سوسائٹی میں آگاہی مہم برائے انسداد ڈینگی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں ڈپٹی رجسٹرار کو آپریٹوز راولپنڈی ڈویژن چوہدری حسن عباس، پی ڈبیلو ڈی کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے صدر چوہدری آصف ارشاد، جنرل سیکریٹری سید ابرار حسین گیلانی ، نمائندہ آباد کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی راجہ وسیم تحسین، پی آئی اے ، ہیلتھ اور دیگر کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹیز کے نمائندوں کے علاوہ سرکل رجسٹرار میر احمد شاہ ، اسسٹنٹ رجسٹرار مری سرفراز احمد سرفراز ، اسسٹنٹ رجسٹرار گوجرخان ملک محمد اصغر ، اسسٹنٹ رجسٹرار کہوٹہ سلیم حیات ، اور اسسٹنٹ رجسٹرار ٹیکسلا رانا دلنواز کے علاوہ بڑی تعدادمیں اہلیان علاقہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مرزا محمود الحسن نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق پنجاب کی تمام کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹیز میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں زور و شور کے ساتھ جاری ہیں اور کو آپریٹو افسران مسلسل مانیٹرنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آلودگی سے پاک ماحول ڈینگی کے ساتھ ساتھ دیگر مہلک امراض سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے اس لئے کو آپریٹوسوسائٹیز کے مکین ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ چوہدری حسن عباس نے اس موقع پر بتایا کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈ ی طلعت محمود گوندل کی سربراہی میں راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے کاوشیں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور شہریوںکے تعاون سے آگاہی مہم بھی تیزی سے جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :