پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر سزا بھگتنے والے قومی کرکٹر محمد عرفان اینٹی کرپشن پر قومی کرکٹ ٹیم کے اراکین کو لیکچر دیں گے

منگل 19 ستمبر 2017 23:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر چھ ماہ پابندی کی سزا بھگتنے والے قومی کرکٹر محمد عرفان اینٹی کرپشن پر قومی کرکٹ ٹیم کے اراکین کو لیکچر دیں گے۔ان کا یہ لیکچر ان کی بحالی کے عمل کا ایک حصہ ہوگا ۔محمد عرفان سے بکیز نے رابطہ کیا تھا اور انہوں نے اس بارے میں بورڈ کو بتانے میں تاخیر کی تھی جس پر ان پر ایک سال کی مشروط پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اس پابندی کے تحت بورڈ کی مقررہ شرائط پورا کرنے پر وہ کرکٹ کھیلنے کے اہل قرار دیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

انسداد کرپشن پر لیکچر بحالی کے پروگرام کا حصہ ہے اور کسی بھی کھلاڑی کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بننے سے قبل اس عمل سے گزرنا ہوتا ہے۔معتبر ذرائع کے مطابق پی سی بی نے عرفان کو انسداد کرپشن پر کھلاڑیوں کو لیکچر دینے کیلئے طلب کیا ہے اور وہ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کیلئے جاری قومی ٹیم کے کیمپ میں شرکت کریں گے۔35 سالہ فاسٹ بالر(آج) بدھ کو اپنے لیکچر میں اینٹی کرپشن کوڈ کو نظر انداز کرنے کے نقصانات سے آگاہ کریں گے۔60 ون ڈے، 20 ٹی20 اور چار ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے محمد عرفان پابندی کے خاتمے کے بعد قائد اعظم ٹرافی میں واپڈا کی نمائندگی کریں گے۔