جرمن مالیاتی ادارے کے ایف ڈبلیو کے وفد کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات،واپڈا منصوبوں کی فنانسنگ بارے تبادلہ خیال

واپڈا منصوبوں کی تعمیر کیلئے مقامی وسائل کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی فنانسنگ بھی اہم ہے، چیئرمین واپڈا

منگل 19 ستمبر 2017 23:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) جرمن مالیاتی ادارے کے ایف ڈبلیو(KfW) کے تین رکنی وفد نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین سے واپڈا ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ڈویژن چیف انفراسٹرکچر اینڈ فنانشل سیکٹر ڈاکٹر فرینک البرٹ کررہے تھے۔ ملاقات کے دوران پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں واپڈا کے منصوبوں کی فنانسنگ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر میں مقامی وسائل کے ساتھ ساتھ کے ایف ڈبلیو سمیت بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی معالی معاونت بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے واپڈا منصوبوں کی تعمیر میں کے ایف ڈبلیوکی جانب سے فراہم کی جانے والی فنانسنگ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل کے منصوبوں میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

کے ایف ڈبلیو اور واپڈا کے دیرینہ باہمی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر فرینک البرٹ نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ان کا ادارہ پانی اور پن بجلی کے وسائل کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی ترقی کے عمل میں شریک ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے ایف ڈبلیو واپڈا کے منصوبوں کیلئے معاونت فراہم کررہا ہے جن میں کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، وارسک ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بحالی ، گلیشیئر مانیٹرنگ ریسرچ سنٹر کا قیام اورہارپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔

بعد ازاں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین میمن نے بھی چیئرمین واپڈا سے ملاقات کی۔ اس دوران پانی کے باکفایت استعمال ، سیم و تھور اور فصلوں کی کاشت کے پیٹرن سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی اور واپڈا کے باہمی تعاون سے پانی اور زمین کے وسائل کو بہتر طور پر بروئے کار لانے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔یہ بات اہم ہے کہ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور واپڈا کے مابین پانی اور زمین کے وسائل کو ترقی دینے کے لئے تحقیق میں معاونت اور مہارت کے باہمی تبادلے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :