پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا ایبٹ آباد کا دورہ،بلوچ رجمنٹل سنٹر میں پانچویں چیف آف آرمی سٹاف ینگ سولجر انٹر سنٹرل چیمپئن شپ کا فائنل دیکھا،پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے،یہ اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، جسمانی فٹنس،افسروں اور جوانوں کے جذبے اور ولولے کی بدولت ہے جو چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں،جنرل باجوہ

منگل 19 ستمبر 2017 23:39

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا ایبٹ آباد کا دورہ،بلوچ رجمنٹل ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور بلوچ رجمنٹل سنٹر ایبٹ آباد میں پانچویں چیف آف آرمی سٹاف ینگ سولجر انٹر سنٹرل (پی اے سی ای ایس) چیمپئن شپ کا فائنل دیکھا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

چیمپئن شپ میں 23 رجمنٹل سنٹرز کے 532 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ انجینئرز سنٹر کی ٹیم نے پانچویں آرمی پی اے سی ای ایس چیمپئن شپ جیت لی جبکہ بلوچ سنٹر کی ٹیم نے مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ثناء اللہ نے مجموعی طور پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے 2798 مارکس حاصل کئے جبکہ سپاہی محمد عادل نے 2785 نمبر حاصل کر کے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

انفرادی میچوں میں سپاہی محمد رضوان عباس نے 10.7 منٹ میں 3.2 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سپاہی محمد یعقوب نے 102 پل اپس میچ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ماجد علی نے 1131 سٹ اپس کر کے سٹ اپ میچ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سپاہی محمد عادل نے 1457 پش اپس لگا کر اور ریکروٹ محمد عصیص اقبال نے 49.22 سیکنڈز میں کامبیٹ ایفی شینسی ٹیسٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور 50.7 سیکنڈ کا بین الاقوامی چینی ریکارڈ توڑ دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے مقابلے میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور تربیت دینے والوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا اعلیٰ مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور یہ اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، جسمانی فٹنس اور افسروں اور جوانوں کے جذبے اور ولولے کی بدولت ہے جو چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ قبل ازیں ایبٹ آباد آمد پر پاک فوج کے سربراہ کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن اور 10 کور کے کمانڈر جنرل ندیم رضا نے کیا۔