آرمی چیف کا انجینئرز سنٹر رسالپور کا دورہ ،ْ لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کو انجینئرز کور کا کرنل کمانڈنٹ مقرر کرتے ہوئے رینک لگائے

پاکستان آرمی کی انجینئرز کور مادر وطن کی ترقی اور دفاع کے لئے اپنے کردار پر فخر کر سکتی ہے ،ْآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ

منگل 19 ستمبر 2017 23:34

آرمی چیف کا انجینئرز سنٹر رسالپور کا دورہ ،ْ لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود ..
راولپنڈی /رسالپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان آرمی کی انجینئرز کور مادر وطن کی ترقی اور دفاع کے لئے اپنے کردار پر فخر کر سکتی ہے۔منگل کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انجینئرز سنٹر رسالپور کا دورہ کیاچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کو انجینئرز کور کا کرنل کمانڈنٹ مقرر کرتے ہوئے انہیں رینک لگائے۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری پاکستان ملٹری اکیڈمی میں اعزازی شمشمیر اور بہترین کیڈٹ کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور سروس کے دوران وہ بہترین خدمات سر انجام دیتے ہوئے غیر معمولی ریکارڈ کے حامل ہیں۔ وہ جی او سی سوات کے علاوہ بریگیڈ کمانڈر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ تقریب میں بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ آفیسرز نے بھی شرکت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرز کور کی قومی تعمیر، قدرتی آفات اور آپریشنز میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی انجینئرز کور مادر وطن کی ترقی اور دفاع کے لئے اپنے کردار پر فخر کر سکتی ہے۔