وزیر اعلی سندھ کا روہڑی سیمنٹ فیکٹری میں گولہ بارود میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس،آئی جی پولیس سندھ سے رپورٹ طلب

منگل 19 ستمبر 2017 23:31

وزیر اعلی سندھ کا روہڑی سیمنٹ فیکٹری میں گولہ بارود میں ہونے والے دھماکے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے روہڑی سیمنٹ فیکٹری میں گولہ بارود میں ہونے والے دھماکے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ کو اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انہیں فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مرراد علی شاہ نے آئی جی پولیس سے چند بنیادی سوالات پوچھتے ہوئے کہا کہ فیکٹری میں گولہ بارود کیوں رکھا گیا تھا اگر گولہ بارود کرشنگ مقاصد کے لئے رکھا گیا تھا تو پھر اس طرح کی سیریئس صورتحال کیوں پیدا ہوئی کہ فیکٹری انتظامیہ کو اسے ڈی فیوز کرنے کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرنا پڑا اور آیا فیکٹری انتظامیہ اتنی بڑی مقدار میں گولہ بارود کی خریداری اور رکھنے کی مجاز تھی اور ان کے پاس اسٹوریج کی سہولت تھی یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ انکوائری ان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کی روشنی میں کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ بم ڈسپوزل کے اراکین نے تربیت حاصل کی ہوئی تھی یا نہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت کو ہدایت کی کہ وہ ڈویژنل انتظامیہ سکھر سے رابطہ کریں اور انہیں اگر زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کی ضرورت ہے تو انہیں ان کا ہیلی کاپٹر اور ائیر ایمبولینس کا اہتمام کرکے دیں۔

وزیر اعلی سندھ نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر پاکستان نیوی کا اے ٹی آر سکھر پہنچ گیا جو کہ زخمیوں کو کراچی منتقل کرے گا۔ وزیر اعلی سندھ نے سیکریٹری صحت اور کمشنر کراچی کو سکھر دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایات کی ہے۔

متعلقہ عنوان :