ہماری حکومت نے موجود صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی اور نئے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کیں،پرویز خٹک

منگل 19 ستمبر 2017 23:28

ہماری حکومت نے موجود صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی اور نئے سرمایہ کاروں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی محکموں صنعت اور خوراک کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں صنعتکاروں اور کسانوں کی معاونت کے لئے مناسب کیس تیار کریں تاکہ صوبے کے وسیع تر مفاد میں صنعتکاروں اور کسانوں کی سہولیات کے لئے حکمت عملی وضع کی جا سکے۔وہ عباس سرفراز خان اور اسکندر خان کی سربراہی میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی حدود کے اندر رہتے ہوئے اور اپنی زمینی، سماجی اور معاشی صورت حال کے مطابق سرمایہ کاروں ، صنعتکاروں اور چھوٹے کسانوں سے تعاون جاری رکھے گی چاہے اس عمل میں وفاقی حکومت اپنا حصہ ڈالے یا نہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق صوبے کے عوام کے مفادات اور حقوق کے لئے اٹھائی گئی ہر کاوش کو تحفظ فراہم کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے ایک طرف موجود صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی اور دوسری طرف نئے سرمایہ کاروں کو بھی سہولیات فراہم کیں۔ یہی وجہ ہے کہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

وفد کے اراکین نے صوبے میں گنے کی پیداوار، اسکے سٹاک ، فروخت، برآمد اور ممکنہ فوائد سے متعلق وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔وفدنے اس مجموعی عمل میں کسانوں کے مفادات، صوبے میں پیدا کئے جانے والے اضافی گنے کو بر آمدکرنے کے امکانات اور سندھ اور پنجاب کی شوگر ملوں کے ساتھ موازنے سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کارخانہ داروں اور کسانوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :