پشاور،صوبائی سیڈ کونسل نے گندم اور گنے کی نئی اقسام کی منظوری دے دی

منگل 19 ستمبر 2017 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی زیر صدارت منعقد ہونے والی صوبائی سیڈ کونسل نے گندم اور گنے کی نئی اقسام کی منظوری دے دی۔یہ اقسام زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ بیماریوں اور نامساعد حالات کے خلاف ا چھی خاصی قوت مدافعت رکھتی ہیں۔ ان ترقی دادہ اقسام میں گندم کی نئی ورائٹی اسرار شہید2017اور شاہد2017زرعی ریسرچ سٹیشن ڈی آئی خان ،کے ٹی2017زرعی ریسرچ سٹیشن کوہاٹ خائستہ2017،ودان2017اورپاسینہ2017زرعی ریسرچ سٹیشن پیر سباق نوشہرہ جبکہ امن نیفا2017،پاکستان انرجی کمیشن کی تیار کردہ ہیں۔

اسی طرح گنے کی نئی منظور شدہ اقسام میں اسرار شہید ایس سی اور قیوم2017 شوگرکین ریسرچ انسٹی ٹیوٹ مردان کی پیداوار ہیں۔

(جاری ہے)

گندم اور گنے کی ان نئی اقسام کے ناموں کی منظوری صوبائی سیڈ کونسل نے مشترکہ طور پر سابق صوبائی وزیر قانون سردار اسرار اللہ خان گنڈا پور شہید کی صوبے کے لئے گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے اور دوسرے سائنس دانوں کی شب و روزمحنت کو سراہتے ہوئے ان کے نام سے منسوب کرنیکی منظوری دے دی۔

اس اعلیٰ سطح کی صوبائی سیڈ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت نے امید ظاہر کی کہ گندم اور گنے کی نئی اقسام کی کاشت سے زرعی پیداوارمیں نمایاں اضافہ ہوگااور زرعی خود کفالت کی جانب ہمارا صوبہ خیبر پختونخواپیش رفت کرے گا۔انہوں نے زرعی سائنس دانوں پر زور دیاکہ ان بڑی فصلات کے علاوہ سبزیات،دالیں اور پھلوں کی نئی اقسام جو زیادہ پیداواری صلاحیت رکھنے کی حامل ہوں پر بھی زرعی تحقیق کی طرف بھرپور توجہ دی جائے۔

متعلقہ عنوان :