فیصل آباد،جانوروں کی خوراک میں نمک اور منرل مکسچر دودھ اور گوشت کی بہترین پیداوار کا ذریعہ ہے , ڈاکٹر محمد نواز ملک

منگل 19 ستمبر 2017 23:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2017ء) جانوروں کی خوراک میں نمک اور منرل مکسچر کا استعمال نہ صرف جانوروں کی صحت کا ضامن ہے بلکہ ان سے دودھ اور گوشت کی بہترین پیداوار کا بھی ذریعہ ہے ۔ یہ بات ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد نواز ملک نے ڈویژن فیصل آباد میں ضلع جھنگ ‘ چنیوٹ ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘ فیصل آباد میں موجود 16 لائیو سٹاک سہولت سنٹرز کے معائنے کے دوران مختلف سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے لائیو سٹاک بریڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک سہولت سنٹر پر ضلع میں تحصیل کی سطح پر قائم کئے گئے ہیں ان سہولت سنٹرز پر انمول ونڈا ‘ انمول منرل مکسچر ‘ نمک اور یوریا مویسز بلاک میسر ہیں ۔ یہ تمام پراڈکٹس گورنمنٹ پنجاب کے لائیو سٹاک فارمز سے بنا کر پورے پنجاب میں فراہم کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منرل مکسچر یا نمکیاتی آمیزہ علاقے میں نمکیات کی کمی و زیادتی کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے تاکہ جن علاقوں میں نمکیات کی کمی ہے ان علاقوں میں خصوصی نمکیاتی آمیزہ استعمال کیا جائے اس کے علاوہ گورنمنٹ کا ونڈا رعایتی قیمت پر ہائی پروٹین اور لو پروٹین ڈیری راشن کے نام سے ان سہولت سنٹرز پر دستیاب ہے ۔

ڈائریکٹرلائیو سٹاک نے کہا کہ یوریا مویسز بلاک بھی جانوروں کی پروٹین کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے فراہم کیا جارہا ہے اور نمک کے ڈھیلے بھی سہولت سے مویشی پال حضرات کو فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ان سب کامقصد جانوروں کو ہائی کوالٹی پروٹین کے ساتھ ساتھ نمکیاتی اجراء کی فراہمی ہے کیونکہ نمک اور نمکیاتی آمیزہ نہ صرف جانوروں میں نمکیات کی کمی کو پورا کرتے ہیں بلکہ جانوروں کے نظام تولید کو بہتر بنا کر نسل کشی کے بہترین نتائج دیتا ہے ۔

پچہ پیدا کرنے والی گائے بھینسوں کی کیلشیم اور فاسفورس کی ضرورت پوری کرتا ہے جانوروں کو بچے کی پیدائش کے وقت ملک فیور سے بچاتا ہے ۔ حاملہ جانوروں کی صحت میں بہتری سے صحت مند بچوں کی پیدائش ممکن بناتا ہے اور جانوروں میں نمکیات کی کمی پوری ہونے سے انکے دودھ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نمک کے ڈھیلے جانوروں کی کھرلیوں میں رکھنے سے صحت میں بہتری سے ویکسین کا بہتر اثر اور بیماریوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت کو ممکن بناتا ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ جانوروں کو جلدی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن فیصل آباد میں اب تک 16 سہولت سنٹر سے رعایتی نرخوں پر 25193 بیگ ونڈے ‘ 57129 منرل مکسچر ‘ 13156 بوریا موسیز بلاک اور 263343 کلو گرام نمک مویشی پال حضرات کو فراہم کیا جارہا ہے اور یہ تمام چیزیں خصوصا منرل مکسچر جانوروں کی علاقائی ضرورتوں کومد نظر رکھتے ہوئے سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کے وژن کے مطابق ہر علاقے میں فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پاک حضرات کولازما نمک اور منرل مکسچر جانوروں کو استعمال کرانا چاہئے تاکہ جانور اپنی پیداوار صلاحت کے مطابق پیداوار دیں ۔

متعلقہ عنوان :