فیصل آباد،ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی

منگل 19 ستمبر 2017 23:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2017ء) ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔تمام متعلقہ ادارے پولیو کے یکسر خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر اپنے فرائض انتہائی تندہی سے انجام دے کر اس مہم کو احسن انداز میں کامیاب بنائیں اور پانچ سال کی عمر تک کاکوئی بچہ ویکیسن سے محروم نہ رہے ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز میاں آفتاب احمد نے کہی ۔ اس موقع پر محکمہ صحت ‘ سوشل ویلفیئر ‘ لیبر ڈیپارٹمنٹ ‘ محکمہ اوقاف ‘ پولیس ‘ پاپولیشن پلاننگ ‘پرائیویٹ سکولز الائنس ‘ ڈبلیو ایچ او ‘ پختون برادری و تاجر نمائندگان سمیت دیگر متعلقین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو کے یکسر خاتمے کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ فعال کردار ادا کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ رواں انسداد پولیو مہم میں سابقہ مہم کی خامیوں و کمزوریوں کا بھی ازالہ ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کی رپورٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی جگہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ حفاظتی ویکسین کے بغیر نہ رہے۔انہوں نے پولیو ٹیموں سے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق کسی گھر میں بچے کی عدم موجودگی کی صورت میں اس وقت تک باربار چکر لگائیں جب تک گھر میں بچہ تک رسائی نہ وہو ۔

انہوں نے مہم کے پہلے روز کے اہداف کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سو فیصد ٹارگٹ کے حصول کے لئے ٹیموں کی کارکردگی پر نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ آخری روزتک بھی مختلف مارکیٹوں،ہسپتالوں اوردیگر مقامات پر پولیو ٹیمیں ریکارڈ کے ہمراہ متعین رہنی چاہیں اور پولیو قطرے پلانے کے لئے کوئی بچہ ان کی نظروں سے اوجھل نہیں رہنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :