ہم امن کے داعی ہیں اور ہم کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، ڈاکٹر فاروق ستار

مختلف امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کے اہتمام میں ہمارے کارکنان بھی 24 گھنٹے ڈیوٹیز پر مامور ہونگے ملک میں اخوت و بھائی چارے کی فضا کو ہر حال میں قائم رکھیں گے اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ایم کیو ایم پاکستان ملک کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے جو محرم الحرام کے موقع پر ہرسال اتحاد بین المسلمین کا اہتمام کرتی ہے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا مشائخ اجلسا سے خطاب میئر کراچی، ڈپٹی میئر کراچی اور بلدیاتی نمائندگان صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس اور دیگر خدمات فوری ادا کریں ، کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، ڈاکٹر فاروق ستارکی میئر، ڈپٹی میئر و بلدیاتی نمائندگان کو ہدایت

منگل 19 ستمبر 2017 23:18

ہم امن کے داعی ہیں اور ہم کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، ڈاکٹر ..
کر اچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام بہادرآباد کلب میں محرم الحرام میں شہر میں قیام امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے جید علمائ کرام، ذاکرین و مشائخ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستار، سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان، ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اراکین رابطہ کمیٹی، حق پرست ارکین اسمبلی، حق پرست بلدیاتی نمائندگان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علمائ کرام بھی موجود تھے جن میں علامہ حسین مسعودی، مولانا منظر الحق تھانوی، مولانا مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ نثار قلندری، سید یعقوب علی شاہ، علامہ وقار نقوی، سید محمد نقی، علامہ سید علی کرّارنقوی، علامہ سید اطہر مشہدی، سراج الحق تھانوی، پروفیسر عزیز الرحمن صدیقی، قاری حافظ عبداللہ میمن، رضی حیدر، علامہ سجاد شبیر، ڈاکٹر برہان الدین، مفتی عبالمنان، محمد خالد نور، مطلوب اعوان، مولانا عبدالوارث اور دیگر علمائ کرام بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ہرسال ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین کے قیام کیلئے اس پروگرام کا انعقاد کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ایک باقاعدہ بڑی مثبت و تعمیری روایت رہی ہے کہ ہم مختلف مکاتب فکر کے علمائ کرام کو دعوت دیتے ہیں اور انکی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سال کے 365 دن امن و امان قائم رہے لیکن محرم الحرام میں ہم اس کیلئے خاص اہتمام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اشتعال انگیز و سازشی عناصر ، عزاداری شہدائ کربلا اور ماہ مقدسہ کے اظہار میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے راہ میں ہم سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں اور ہم کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن و محبت اور عقیدوں کا احترام کرتے ہیں اور سال کے اس ماہ کیلئے خاص طور پر ہم مختلف مکاتب فکر کے علمائ اور دانشوروں سے رابطہ کرکے اس امر کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کے اہتمام میں ہمارے کارکنان بھی 24 گھنٹے ڈیوٹیز پر مامور ہونگے اور کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اتحاد بین المسلمین کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے امن کو بھی قائم رکھنا چاہتے ہیں اور اخوت و بھائی چارے کی فضا کو ہر حال میں قائم رکھیں گے اور اس کیلئے ہم تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے جو محرم الحرام کے موقع پر ہرسال اتحاد بین المسلمین کا اہتمام کرتی ہے۔

اسلام سلامتی کا مذہب ہے اور اتحاد بین المسلمین کی طاقت ہی ہے کہ ’’دین میں کوئی جبر نہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر انتہائ پسندی و دہشت گردی ہورہی ہے اسکی بھی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتہائ پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ہی کرئینگے۔ اس موقع پر سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے میئر کراچی، ڈپٹی میئر کراچی اور بلدیاتی نمائندگان کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس اور دیگر خدمات فوری ادا کریںاور اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی نہ برتی جائیگی۔