گورنر سندھ کی زیر صدارت لیجنڈ ٹرسٹ اجلاس کا انعقاد

لیجنڈ کھلاڑیوں وسیم اکرم ، دانشور ،ادیب انور مقصود اور آصف جمعہ کو ٹرسٹیزبنانے کی منظوری دی گئی رواں برس کے آخر میں لیجنڈ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک میگا ایونٹ کرا یا جائے گا ماضی کے کرداروں کو فراموش کرنے والی قومیں کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتیں،مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے لیجنڈز کو سراہا جانا ضروری ہے، گورنر سندھ کا اجلاس سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) گورنر سندھ ،چیف پٹرن لیجنڈ ٹرسٹ محمد زبیر کی زیر صدارت لیجنڈ ٹرسٹ کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیجنڈ کھلاڑیوں وسیم اکرم ، دانشور ،ادیب انور مقصود اور آصف جمعہ کو ٹرسٹیزبنانے کی منظوری دی گئی جبکہ رواں برس کے آخر میں لیجنڈ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک میگا ایونٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ماضی کے عظیم فنکاروں ، دانشوروں ، صحافیوں اور کھلاڑیوں سمیت لیجنڈزکی حوصلہ افزائی کے لئے انھیں ایوارڈ ز دیئے جائیں گے۔

اجلاس میں بانی ٹرسٹی شوکت ترین، سہیل وجاہت صدیقی ،فاروق رحمت اللہ، جاوید اقبال ، شاہ رخ حسن ، سلمان برنی اور احمد شاہ سمیت نئے شامل ہونے والے ٹرسٹیز وسیم اکرم ، انور مقصود اور آصف جمعہ بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میںچیف پٹرن محمد زبیر نے کہا کہ ماضی کے فنکاروں، دانشوروں ، صحافیوں اور کھلاڑیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے اچھا طریقہ ہو ہی نہیں سکتا ہے ، لیجنڈ ٹرسٹ ان کا اپنا ٹرسٹ ہے جہاں پر لیجنڈز کی خدمات کا نہ صرف اعتراف کیا جا تا ہے بلکہ انھیں مالی معاونت اور علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی میں تعاون بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے کرداروں کو فراموش کرنے والی قومیں کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتی ہیں ،اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کا بہترین طریقہ بھی یہی ہے کہ ماضی کے عظیم افرادکی خدمات پر انھیں نہ صرف بے حد سراہا جائے بلکہ ان کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے ان کی رہنمائی بھی حاصل کی جائے اس ضمن میں انھیں متحرک کرنے کے لئے ان کا بھرپور ساتھ دینا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیجنڈ ٹرسٹ کا قیام صوبہ میں رہنے والے لیجنڈز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا ہے اس ضمن میں بانی ٹرسٹی شوکت ترین اپنی ٹیم کے ہمراہ متحرک ہیں اور لیجنڈزکی حوصلہ افزائی کے لئے بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے ، امید ہے کہ نئے شامل ہونے والے ٹرسٹیز سے کام میں مزید تیزی آئے گی ،ہم سب کی بھرپور کوشش ہونا چاہئے کہ صوبہ کے ہر ایک لیجنڈتک رسائی حاصل کی جائے۔

اجلاس میں ’’ فرینڈز آف لیجنڈ ٹرسٹ ‘‘کے نام سے ایک ذیلی ادارہ تشکیل دیا گیا جس میں ابتدائی طور پر جاوید میانداد،اصلاح الدین ، جاوید اقبال، شاہ رخ حسن اور احمد شاہ کو شامل کیا گیا ،اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اسٹار کھلاڑی ، فنکار ، صحافی اور دانشور اپنی آمدنی کا ایک مخصوص حصہ ایک فنڈ میں جمع کرائیں تاکہ مستقبل میں مذکورہ اسٹار کو اچھی خاصی رقم حاصل ہو تاکہ وہ اپنی زندگی پر سکون انداز میں گذار سکے اسی طرح ’’ فرینڈز آف لیجنڈ ٹرسٹ ‘‘ میں دیگر ذرائع حاصل ہونے والی رقم سے ماضی کے لیجنڈزکی مالی معاونت بھی یقینی ہے ، شرکائ اجلاس نے مذکورہ تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کی منظوری دی جس کے بعد اس کی توثیق چیف پٹرن لیجنڈ ٹرسٹ محمد زبیر نے کی۔

گورنر سندھ نے اجلاس میں شرکت یقینی بنانے پر تمام ٹرسٹیز کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :