گورنر سندھ کا کھارادر جنرل ہسپتال کا دورہ ،ہسپتال میں موجود مختلف شعبوں کا معائنہ کیا

ْ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں نجی طبی مراکز اہم کردار ادا کر رہے ہیں، گورنر سندھ دٴْکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف کھارادر جنرل ہسپتال دیگر طبی اداروں کے لئے قابل تقلید مثال ہے ْ لیاری سمیت پورے کراچی میں امن کا قیام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، کراچی پیکج کی شمولیت سے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں انجام دئیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی رقم بڑھ کر 75 ارب ہوجائے گی، ہسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو

منگل 19 ستمبر 2017 23:16

گورنر سندھ کا کھارادر جنرل ہسپتال کا دورہ ،ہسپتال میں موجود مختلف شعبوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے منگل کو کھارادر جنرل اسپتال کا دورہ کیا ، اسپتال میں موجود مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر اسپتال کے صدر بشیر جان محمد ،مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور معروف ماہر امراض اطفال پروفیسر عبدالغفار بلو،اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر خالد اقبال معروف صنعت کار عارف حبیب بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے قدیم علاقہ میں رعایتی فیس پر طبی خدمات کی فراہمی کھارادر جنرل اسپتال کا قابل تحسین اقدام ہے جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات انجام دینے والے نجی ادارے لائق تحسین ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں نجی طبی مراکز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سو سال سے دٴْکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف کھارادر جنرل اسپتال دیگر طبی اداروں کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس کار خیر میں مصروف اسپتال کی انتظامیہ،ڈاکٹرز،طبی و نیم طبی عملہ ہماری ستائش کا مستحق ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی شعبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری سمیت پورے کراچی میں امن کا قیام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیاری کی جو بھی وجہ شہرت رہی ہو اب اسے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو یونیورسٹی اور کھارادر جنرل اسپتال میں انجام دی جانے والی خدمات کے باعث یاد رکھا جانا چاہئے۔

انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس علاقہ میں ہونے والی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پیکج کی شمولیت سے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں انجام دئیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی رقم بڑھ کر 75 ارب ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکج پر عملدرآمد گورنر ہا?س میں قائم کئے جانے والے مینجمنٹ یونٹ کے ذریعہ ہوگا اور اس کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے نجی شعبہ پر مشتمل اسٹینڈنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ انہیں کھارادر جنرل اسپتال آکر حقیقی معنوں میں مسرت ہوئی ہے کیونکہ یہاں مریضوں کی درست طریقہ سے دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ انہیں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ انہیں اسپتال کے کام آکرخوشی محسوس ہوگی اور وہ اس کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں گے۔ اس موقع پر اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر خالد اقبال نے گورنرسندھ کو اسپتال کی تاریخ، فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل میں توسیع کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ پروفیشنل معیاری سہولیات فراہم کررہے ہیں جبکہ کالج آف نرسنگ کے طلبہ و طالبات سندھ میں بھی امتیازی پوزیشن حاصل کرکے اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والانیا ایجوکیشنل بلاک طلبہ کے لئے مزید تعلیمی سہولیات کا موجب بنے گا۔ اسپتال کے صدر اور معروف صنعتکار محمد بشیر جان محمد نے گورنر کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ کھارادر جنرل اسپتال کی جرات مندانہ خدمات اور مثبت تعمیری سرگرمیوں کے لئے باعث تقویت ہے۔

انہو ںنے مزید کہا کہ آج کھارادر جنرل اسپتال اپنی اعلیٰ خدمت ، تعلیم اور تحقیق کی بنا پر نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے۔ معروف ماہر امراض اطفال اور چیئرمین ہاسپٹل مینجمنٹ کمیٹی پروفیسر عبدالغفار بلو نے کہا کہ ہمیں اپنے صحت کے اشاریہ میں نمایاں بہتری لانے کے لئے صحت اور صحت کی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچوں کی صحت ، دائمی امراض کی روک تھام ، حفاظتی طبی تدابیر اور طبی تعلیم و تربیت کو قومی پالیسی میں عملاً نافذ کرنا ہوگا۔ اس موقع پر معروف صنعت کار عارف حبیب نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر اسپتال کے صدر بشیر جان محمد نے معزز مہمان گورنر سندھ کو اسپتال کا نشان / شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :