نواز شریف کی وجہ سے سی پیک کے ذریعے پاکستان کا کردار اہم ہوگیا ، سابق وزیراعظم نے ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنایا‘ انکو یہی سزا دی گئی ،جمہوریت کے خلاف ہمیشہ سازشیں ہوتی رہی ہیں،پارلیمانی نظام میں ہی ملک کی بقاء ہے‘

صدر مملکت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خارجہ پالیسی ‘ دہشتگردی کے خاتمے‘ امن و امان کی صورتحال سمیت تمام امور پر تفصیلی اظہار خیال کیا‘عمران خان دوسروں کو گالیاں دیتے ہیں‘ یہ برداشت نہیں کیا جائے گا‘ سویلین حق حکمرانی کے لئے جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ کا سینیٹ میں صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث سمیٹتے ہوئے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 23:13

نواز شریف کی وجہ سے سی پیک کے ذریعے پاکستان کا کردار اہم ہوگیا ، سابق ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملکی ترقی کے لئے جس طرح کام کیا ملک کی 70 سالہ تاریخ میں کسی نے نہیں کیا، نواز شریف کی وجہ سے سی پیک کے ذریعے پاکستان کا کردار اہم ہوگیا ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنایا‘ اسی کی سزا انہیں دی گئی ،جمہوریت کے خلاف ہمیشہ سازشیں ہوتی رہی ہیں،پارلیمانی نظام میں ہی ملک کی بقاء ہے‘ صدر مملکت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خارجہ پالیسی ‘ دہشتگردی کے خاتمے‘ امن و امان کی صورتحال سمیت تمام امور پر تفصیلی اظہار خیال کیا‘عمران خان دوسروں کو گالیاں دیتے ہیں‘ اس چیز کو برداشت نہیں کیا جائے گا‘ سویلین حق حکمرانی کے لئے جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا میں صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ صدر مملکت ریاست کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے خارجہ پالیسی ‘ افغانستان کی صورتحال‘ دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے‘ توانائی کی صورتحال میں بہتری کو سراہا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سی پیک ایک ابتداء ہے۔ اس کے بعد ون بیلٹ ون روڈ کا منصوبے بہت اہم ہے۔ طاقت کا مرکز ایشیا میں منتقل ہو رہا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم فعال ہوگئی ہے۔ چین کی طرف سے 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ دنیا کی نظر میں نواز شریف کی وجہ سے سی پیک کے ذریعے پاکستان کا کردار اہم ہوگیا ہے۔

نواز شریف کے خلاف جس دن فیصلہ آیا اس کے بعد 1500 سے 1600 ارب روپے ڈوب گئے اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے چار سال میں معاشی لحاظ سے ملک کو مضبوط بنایا‘ اس بات کی سزا نواز شریف کو دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف ہمیشہ سازشیں ہوتی رہی ہیں۔ ہمیں جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

این اے 120 میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ نواز شریف نے جس طرح کام کیا ملک کی 70 سالہ تاریخ میں کسی نے نہیں کیا۔ عمران خان دوسروں کو گالیاں دیتے ہیں اس کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ اپنے سیاسی مقاصد کے لئے اداروں کو ملوث نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں ہی ملک کی بقاء ہے۔ سویلین حق حکمرانی کے لئے ہم جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔