گوجرانوالہ: شریف فیملی میں دراڑ کے خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ، غلام دستگیر خان

منگل 19 ستمبر 2017 23:13

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء)سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما مسلم لیگ ن غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی میں دراڑ کے خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ،پورا شریف خاندان نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے ، این اے 120کے عوام نے ووٹ کے تقدس کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا، لاہور الیکشن میں مسلم لیگ ن کو ہرانے کے لئے ہر حربہ آزمایا گیا اورراتوں رات ملی مسلم لیگ بھی پیدا کی گئی ۔

(جاری ہے)

اپنی رہائش پر این اے 120میں کامیابی کے حوالے سے اظہار تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ لاہور کے الیکشن میں کلثوم نواز جیسی بہادر خاتون کو ووٹ ڈالنا عوام پر فرض تھا کیونکہ دور آمریت میںانہوںنے تن تنہا ڈکٹیٹر پر ویز مشرف کو للکارا تھا ۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان میں رخنہ ڈالنااعتزاز احسن اور شیخ رشید جیسے بزدل لوگوں کی خواہش ہے جو کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔تقریب کے اختتام پر محترمہ کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی جبکہ کارکنوں نے لاہور الیکشن کی جیت کی خوشی میں ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی۔