پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا انجینئرز سنٹر رسالپور کا دورہ ، آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کو انجینئرز کور کا کرنل کمانڈنٹ مقرر کر دیا، انہیں رینک بھی لگائے،آئی ایس پی آر

منگل 19 ستمبر 2017 23:11

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا انجینئرز سنٹر رسالپور کا ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو انجینئرز سنٹر رسالپور کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کو انجینئرز کور کا کرنل کمانڈنٹ مقرر کرتے ہوئے انہیں رینک لگائے۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری پاکستان ملٹری اکیڈمی میں اعزازی شمشمیر اور بہترین کیڈٹ کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور سروس کے دوران وہ بہترین خدمات سر انجام دیتے ہوئے غیر معمولی ریکارڈ کے حامل ہیں۔ وہ جی او سی سوات کے علاوہ بریگیڈ کمانڈر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ تقریب میں بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ آفیسرز نے بھی شرکت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرز کور کی قومی تعمیر، قدرتی آفات اور آپریشنز میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی انجینئرز کور مادر وطن کی ترقی اور دفاع کے لئے اپنے کردار پر فخر کر سکتی ہے۔