کوہاٹ استرزئی میں محرم کے دوران امن وامان سے متعلق اجلاس کا انعقاد

منگل 19 ستمبر 2017 23:04

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) کوہاٹ استرزئی میںمقامی پولیس اور مختلف اقوام کے عمائدین کا محرم الحرام کے پرامن انعقادکے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، جسمیں ماہ مقدس کے دوران ضابطہ اخلاق کی پاسداری پر اتفاق کرلیا گیا۔ تھانہ استرزئی میں منعقدہ مشترکہ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں مجالس عزاء اور ماتمی جلوسوں کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ بھر پور تعاون یقینی بنایا جائے گااور پرامن ماحول میں رخنہ اندازی کے مرتکب شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں واضح کردیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی رسومات کی ادائیگی میں کوئی نئی روایت نہیں ڈالی جائے گی اور سکیورٹی عوامل میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مقامی پولیس کے توسط سے بہتر رابطہ قائم رکھتے ہوئے رضاکارانہ طور پر افرادی قوت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کسی بھی مشکوک شخص اور لاوارث سامان کی فوری اطلاع مقامی پولیس سٹیشن کو دی جائے گی اور مجالس اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹر گل جنان نے مقامی عمائدین پر زور دیا کہ وہ تمام تر وابستگیوں سے بالا تر ہوکر محرم الحرام کے دوران ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے برداشت وبھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دیں ۔ اپنی تحریروں اور تقریروں و بیانات میں فلسفہ اسلام کی رو سے ایسا اعتدال پیدا کریں جس سے کسی کی دل آزاری نہ ہوجبکہ صبر کا دامن کسی بھی صورت ہاتھ سے جانے نہ دیاجائے۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے اپیل کی وہ محرم الحرام کے سلسلے میںاٹھائے گئے حفاظتی اقدامات میںپولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں۔

متعلقہ عنوان :