کوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران35مشتبہ افرادگرفتار

منگل 19 ستمبر 2017 22:59

کوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران35مشتبہ افرادگرفتار
کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء)کوہاٹ چھائونی پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران اشتہاری مجرم سمیت 35مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔زیر حراست افراد میں افغان باشندے بھی شامل ہیں ۔کارروائی میں اسلحہ و منشیات اور بلا نمبر موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لئے گئے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام کے پرامن انعقادکی خاطر ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میںمزید تیزی لائی گئی ہے ۔

اس سلسلے میں ڈی ایس پی سٹی رضا محمد خان کی براہ راست نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ کینٹ انسپکٹر محمد علی کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے چھائونی کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے نتیجے میں قتل کے مقدمہ میں نامزد اشتہاری مجرم شاہ ذیب ساکن کاغزئی سمیت 35مشتبہ افرادکو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران علاقے میںغیر قانونی طور پر مقیم دو افغان باشندوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

آپریشن کی کارروائی میں زیر حراست افرادکے قبضے سے پولیس کو اسلحہ ومنشیات اور بلا نمبر موٹر سائیکلیں بھی ملے ہیں جن میں ایک کلاشنکوف،دو بندوق،پانچ پستول،مختلف بور کے درجنوں کارتوس اور بیس موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔آپریشن میں پولیس نے علاقے میں واقع کرایہ کے گھروں کو بھی چیک کیا اور مقامی تھانے سے رجسٹریشن کئے بغیر کرایہ کے گھروں میں مقیم تین افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔آپریشن میں پولیس کو ایلیٹ فورس،بم ڈسپوذل سکواڈ،کھوجی کتوں،خواتین پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں کی معاونت بھی حاصل رہی۔