نوشہرہ میں مولانا مجاہد خان کانفرنس کی تیاریاں زور وشور سے جاری

منگل 19 ستمبر 2017 22:59

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام ضلع نوشہرہ کے مجلس شوریٰ اور عاملہ کا مشترکہ اجلاس مدرسہ دارالقرآن کشتی پل نوشہرہ کینٹ میں ضلعی امیر قاری محمدعمر علی المدنی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی عاملہ کے ارکان قاری محمداسلم، مفتی حاکم علی حقانی، مفتی شوکت اللہ خٹک، قاری ریاض اللہ، مولانا ممتاز مروت، الحاج پرویز خٹک ، فیاض الرحمان اور ضلعی کونسلر ظہورکاکاخیل کے علاوہ تمام اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں سابق صوبائی وزیر آصف اقبال داود زئی نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے نو اکتوبر کو سابق ایم پی اے و جمعیت علماء اسلام کے بانی کارکن حضرت مولانا مجاہد خان الحسینی مرحوم کی یاد میں کانفرنس کے انعقاد کے فیصلے اور قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے پر ضلعی کابینہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ضلع بھر سے کارکنوں اور عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی عاملہ اور شوریٰ کے بعض اراکین پر مشتمل کمیٹیاں بنانے کا اعلان ہوا جن میں مدارس، خانقاہوں، کالجز، یونیورسٹیز، وکلاء، ڈاکٹرز، تاجران، ضلعی انتظامیہ، میڈیا اور اقلیتوں سے ملاقات کیلئے کمیٹی شامل ہیں اجلاس کے شرکاء نے مولانا فضل الرحمان کا نوشہرہ میں پرتپاک استقبال کرنا اور کانفرنس کو تاریخ ساز بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔