اے ڈی پی کی اسکیموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، ہر قیمت پر بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، میئر کراچی وسیم اختر

اس سلسلے میں اگر کہیں ٹیکنیکل معاونت درکار ہے تو اس سے آگاہ کیا جائے، سربراہ محکمہ اے ڈی پی اسکیموں پر ہونے والے کام کی پیشرفت سے مطلع کریں

منگل 19 ستمبر 2017 22:40

اے ڈی پی کی اسکیموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، ہر قیمت پر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ اے ڈی پی کی اسکیموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ہر قیمت پر ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں اگر کہیں ٹیکنیکل معاونت درکار ہے تو اس سے آگاہ کیا جائے، سربراہ محکمہ اے ڈی پی اسکیموں پر ہونے والے کام کی پیشرفت سے مطلع کریں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بلاتاخیر مکمل کرکے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں، یہ بات انہوں نے مختلف محکموں کے تحت مالی سال 2017-18ء کے دوران اے ڈی پی اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں میونسپل کمشنر محمد نواز نسیم، چیئرمین مالیات کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، چیئرمین ورکس (سول) حسن نقوی، چیئرمین کھیل و ثقافت اعجاز احمد خان، چیئرمین پارکس خرم فرحان، میئر کراچی کے مشیر فرحت خان، مشیر مالیات ڈاکٹراصغر عباس، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن سیف عباس حسنی، سینئر ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی راشد نظام، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر پلاننگ فنانس محمود بیگ ،ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن ایس ایم طحہٰ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران محکمہ میونسپل سروسز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر، کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اے ڈی پی کی اسکیموں پر سال گزشتہ کے دوران ہونے والے کاموں کی پیشرفت اور آئندہ سال کے لئے سہ ماہی ورک پلان کا جائزہ لیا گیا، میئر کراچی نے افسران کو ہدایت کی کہ اے ڈی پی کی تمام اسکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور جہاں جہاں رکاوٹیں یا مسائل درپیش ہیں ان سے فوری آگاہ کیا جائے، انہوں نے ڈائریکٹر ٹیکنیکل کو ہدایت کی کہ اے ڈی پی اسکیموں کے حوالے سے تیکنیکی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور جہاں کہیں میری ضرورت ہے مجھے اس سے مطلع کریں جبکہ ترقیاتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت کی جائزہ رپورٹ بھجواتے رہیں تاکہ اس بات کا علم رہے کہ کس اسکیم پر کتنے فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور کتنا کام ابھی باقی ہے، انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے ہدایت کی کہ کے ایم سی کے تمام محکموں میں جہاں آئی ٹی کا استعمال ہو رہا ہے انہیں ایک مرکزی نظام کے تحت لایا جانا چاہئے تاکہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں اور اس کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو بھی بہتر بنا کر ان کی موثر اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ فی الحال بلدیہ عظمیٰ کراچی میں آئی ٹی سے متعلق امور محکمہ فنانس ، پے رول اور نئے قائم ہونے والے ویب سیکشن کے تحت انجام پاتے ہیں جنہیں محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر سایہ کام کرنا چاہئے، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ موجودہ اے ڈی پی اسکیموں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ایسی نئی اسکیموں کی تجاویز بھی دی جائیں جن سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور فوائد حاصل ہوسکیں، انہوں نے کہاکہ کھیل و تفریحات اور میونسپل سروسز ایسے شعبے ہیں جن کا تعلق براہ راست عام شہری سے ہے لہٰذا ان شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ مختلف کمیٹیوں کے چیئرمینز کا اس سلسلے میں اہم کردار ہے اور ان کی نگرانی میں ان کاموں کی تیزی سے تکمیل ممکن بنائی جاسکتی ہے میئر کراچی نے کہا کہ ہمارا اولین مقصد شہریوں کو ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہے جس کے لئے تمام محکمے باہمی رابطوں کو بہتر بنائیں اور ٹیم ورک کے طور پر کام کریں، تبھی ہمیں اس کے بہتر نتائج حاصل ہوسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :