گورنر پنجاب کی محمد نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو ، بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دُعا ، نیک تمنائوں کا اظہار،این اے 120 کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی،گورنرسے سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی گجرات کے گیارہ رکنی وفدکی ملاقات

منگل 19 ستمبر 2017 22:02

گورنر پنجاب کی محمد نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو ، بیگم کلثوم نواز کی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں بیگم کلثوم نواز کی حلقہ این اے 120 کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ۔ گورنر نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دُعا کی اور نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔گورنر پنجاب نے محمد نواز شریف سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم قومی معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میرا دل ہے اور یہاں کے بیس کروڑ عوام ان کی پہچان ہیں۔ دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی گجرات کے گیارہ رکنی وفد نے چئیرمین حاجی امجد فاروق کی قیادت میں گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں راجہ محمدانور ، چوہدری افتخار احمد، حافظ محمد ایوب ، لیاقت علی قادری ، الحاج محمد صادق بٹ، چوہدری نصر اقبال ، چوہدری شبیر احمد ،وحیدالدین ، عدنان عباس اور ملک شہباز احمد بھی شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ امن و امان ہر شخص کی بنیادی ضرورت ہے جسے یقینی بنانے کے لیے عام آدمی کی شمولیت بھی اُتنی ہی ضروری ہے جنتا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ۔انہوں نے کہا کہ ایک عام آدمی کے جان ومال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کا رلائے جا رہے ہیں اور یونین کونسل کی سطح پر خصوصی کمیٹیوں کی تشکیل سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

انہوںنے کہاکہ تھانہ کلچر میں بنیادی تبدیلی لائے بغیر جرائم کی روک تھام کے اہداف کا حصول نا ممکن ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے تھانہ کلچر کی اصلاح کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج عام شہری کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جا رہی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ تھانوںکے سسٹم کی کمپیوٹرائزیشن اور اسے آئن لائن سسٹم سے منسلک کرانا ،ایف آئی آر کے اندراج کے عمل کو آسان بنانایہ وہ تمام اقدامات ہیںجن سے عوام کا تھانوں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ معاشرے میں امن کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ابھی مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ سی پی ایل سی کی تشکیل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ چئیرمین امجد فاروق نے کہا کہ سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کی تشکیل سے عوام کو پولیس سے متعلق شکایات کے ازالے میں مدد ملتی ہے اور کمیٹی مانیٹرنگ کا کردار ادا کرتے ہوئے مسائل کے حل کامداوا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔