وزیراعظم نے اپنے وزراء نہیں امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کی تائید کی ہے ، شاہد خاقا ن ،خواجہ آصف اور احسن اقبال نے نوازشریف کابینہ کے دوران یہ بات کیوں نہیں کی ، اداروں کے درمیان بڑھتا تصادم انتہائی خطرناک بات ہے

قومی اسمبلی میں اپویشن لیڈر سید خورشید شاہ کاسندھ حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک پریس کلب انتظامیہ کو دینے کی تقریب سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 21:49

وزیراعظم نے اپنے وزراء  نہیں امریکی صدر  ٹرمپ کے بیان کی تائید کی ہے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) قومی اسمبلی میں اپویشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیراعظم کی جانب سے گھر کو ٹھیک کرنے کے بیان پر کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے وزراء کی نہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی تائید کی ہے ، شاہد خاقان عباسی ،خواجہ محمد آصف اور احسن اقبال شامل تھے تو انہوں نے اس وقت گھر کو ٹھیک کرنے کی بات کیوں نہیں کی ، اداروں کے درمیان تصادم دن بدن بڑھتا جا رہا ہے جو انتہائی خطرناک بات ہے۔

وہ منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آبا دمیں سندھ حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک پریس کلب انتظامیہ کو دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے نیشنل پریس کلب سے کیا گیا وعدہ پورا کر لیا ، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جو بھی وعدہ کیا اسے پورا کیا کیونکہ پیپلزپارٹی اپنے اداروں کو چلانا فرض سمجھتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ جس طرح کراچی پریس کلب کیلئے سالانہ گرانٹ سندھ حکومت نے بجٹ میں شامل کی ہیں اسی طرح نیشنل پریس کلب کی گرانٹ بھی سالانہ بجٹ میں شامل کی جائے ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ کے گھر کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے بیان کی تائید پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے وزراء کی نہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ریاض میں دیے گئے بیان کی تائید کی ہے ۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی کابینہ میں شاہد خاقان عباسی ،خواجہ محمد آصف اور احسن اقبال شامل تھے تو انہوں نے اس وقت گھر کو ٹھیک کرنے کی بات کیوں نہیں کی ، گھر کو ٹھیک کرنے کی بات آج کی نہیں بہت پرانی ہے مگر ماضی میں وزیراعظم سمیت موجودہ وزراء نے گھر کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گھر کو ٹھیک کرنے میں ناکامی ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری سابق وزیرداخلہ پر بھی جاتی ہے ، اداروں میں نہیں حکومت کے اندر تضاد ہے جس سے مشکلات بڑھیں گی ، گھر کو ٹھیک کرنے کے بیان سے دشمنوں کو فائدہ ہوگا ، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ، ہماری فورسز اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں ۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اداروں کے درمیان تصادم دن بدن بڑھتا جا رہا ہے جو انتہائی خطرناک بات ہے ۔