سینٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کااجلاس ،ْ اراکین نے فاٹا میں اصلاحات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی مرتب کردہ رپورٹ پر موقف پیش کیا

کمیٹی کے اجلاس میں سیر حاصل بحث ہوئی جن کی بدولت تفصیلی سفارشات پر مرتب مسودہ تیار کرنے میں مدد ملے گی ،ْرضا ربانی

منگل 19 ستمبر 2017 21:43

سینٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کااجلاس ،ْ اراکین نے فاٹا میں اصلاحات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) وفاق کے زیر انتظام قبائلی کے علاقوں میں قانونی، انتظامی اور دیگر دوسری اصلاحات لانے اور قبائلی عوام کے آئینی حقوق کو یقینی بنانے کیلئے سینٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میںاراکین نے فاٹا میں اصلاحات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی مرتب کردہ رپورٹ اور لائحہ عمل کے حوالہ سے اپنا نکتہ نظر پیش کیا۔

اراکین کمیٹی نے چیئرمین سینٹ کے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاٹا میں انتظامی و قانونی اور آئینی اصلاحات لازمی ہیں تاکہ فاٹا کے عوام کی محرومیوں کو دور کیا جا سکے اور فاٹا کے عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ریاست و سرحدی امور کے وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو فاٹا کیلئے اختیار کئے گئے اصلاحاتی عمل پر تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالہ سے جامع انداز میں حکومتی مؤقف کمیٹی کے سامنے پیش کیا۔

انہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ایف سی آر جیسے قانون کی اب کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور اس کا خاتمہ کر دیا جائے گا جبکہ رواج ایکٹ کو بھی حکومت واپس لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو این ایف سی میں حصہ دینے کے حوالہ سے بھی مزاحمت پیش آ رہی ہے، راہداری اور پرمٹ نظام کے باعث مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ پولیٹیکل ایجنٹس کی جانب سے ٹیکس لگایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا لائحہ عمل ضروری ہے جس کے تحت فاٹا کے خیبرپختونخوا کے ساتھ انضمام سے قبل بنیادی مسائل کو حل کیا جائے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ کمیٹی کے اجلاس میں سیر حاصل بحث ہوئی جن کی بدولت تفصیلی سفارشات پر مرتب مسودہ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میںسینٹ سیکرٹریٹ کو ہدایات جاری کیں کہ پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کے تمام اجلاسوں اور فاٹااصلاحات کے حوالہ سے بنائی گئی حکومتی کمیٹی کی روشنی میں سفارشات کا مسودہ تیار کیا جائے جس پر اراکین کی آراء بھی لی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :