آصف زرداری سے پی ٹی آئی رہنما علی حسنین نقوی اورپیر آف مانکی شریف پیر نبی امین کی

ملاقات،پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں ملک کو نوجوان قیادت میسر آگئی ہے ، اب ہر نوجوان کا فرض ہے کہ وہ نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں، نقوی

منگل 19 ستمبر 2017 21:16

آصف  زرداری سے پی ٹی آئی رہنما علی حسنین نقوی اورپیر آف مانکی شریف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے ساہیوال سے پی ٹی آئی کے حلقہ این اے 145 کے ٹکٹ ہولڈر اور ساہیوال ڈویژن کے ریجنل آرگنائزر سید علی حسنین نقوی، پیر آف مانکی شریف پیر نبی امین نی ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سید علی حسین نقوی نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں ملک کو نوجوان قیادت میسر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہر نوجوان کا فرض ہے کہ وہ نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریںتاکہ ملک اور قوم نئے دور میں داخل ہو سکے۔ سید علی حسنین نقوی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی شہادت کے بعد آپ نے پاکستان کھپے کا نعرہ دے کر ملک کو بچایا۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے سید علی حسنین نقوی کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

درایں اثناء پیر آف مانکی شریف پیر نبی امین نے بھی زرداری ہائوس اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان اور جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیر آف مانکی شریف کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کے پی میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کے زیر صدارت پاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے اہم اجلاس میں حلقہ NA-4 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی طرف سے اسد گلزار خان کو پارٹی ٹکٹ کے لئے نامزد کیا گیا۔ واضح رہے کہ اسد گلزار خان کے والد گلزار خان کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔آصف علی زرداری نے پارٹی عہدیداروں اور رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ اسد گلزار خان کی کامیابی کے لئے دن رات کام کریں۔