ْ این اے 120 کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ لاہور اب ن لیگ کا لاڑکانہ نہیں رہا، صاحبزادہ حامد رضا

منگل 19 ستمبر 2017 21:00

ْ این اے 120 کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ لاہور اب ن لیگ کا لاڑکانہ نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ این اے 120 کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ لاہور اب ن لیگ کا لاڑکانہ نہیں رہا۔ مذہبی جماعتوں نے (ن) لیگ نہیں پی ٹی آئی کا ووٹ توڑا ہے کیونکہ مذہبی جماعتوں کو ملنے والا ووٹ اینٹی نواز شریف تھا۔ خواجہ آصف بھی اقامے کی بنیاد پر نااہل ہونے والا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے وفاقی، پنجاب اور ضلعی حکومت کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کر کے جرات کی نئی مثال قائم کی ہے۔ ن لیگ نے چوری کا پیسہ این اے 120 میں پانی کی طرح بہا کر الیکشن اغوا کیا ہے۔ لاہور کے ضمنی الیکشن میں حکومتی امیدوار اور اپوزیشن کا ون ٹو ون مقابلہ ہوتا تو کلثوم نواز ہار جاتیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سمن آباد میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے ترجمان راؤ حسیب احمد کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی کاروائی میں حکومتی جماعت کی عدم دلچسپی غیر جمہوری رویہ ہے۔ ووٹ کے تقدس کی بات کرنے والے قومی اور پنجاب اسمبلی میں کورم پورا کیوں نہیں کرتے۔ مریم نواز کا اصل امتحان اس وقت ہو گا جب وہ ریاستی وسائل کے بغیر الیکشن لڑیں گی۔ این اے 120 کے نتائج پی ٹی آئی کے لئے حوصلہ افزا اور ن لیگ کے لئے مایوس کن ہیں۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ نیب اور ایف آئی اے کو شریف خاندان کے وفاداروں سے بھر دیا گیا ہے۔ یہ دو ادارے ٹھیک ہو جائیں تو آدھا ملک ٹھیک ہو جائے گا۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب کریں۔ جینوا میں آذاد بلوچستان کے اشتہار تشویشناک معاملہ ہے۔ حکومت شریف خاندان کے دفاع کی بجائے ملک کی سلامتی کی فکر کرے۔

متعلقہ عنوان :