سپورٹس بورڈ پنجاب کے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ سے ٹینس کے کھیل کو فروغ ملے گا‘ اعصام الحق

سالہ کیریئر میں پاکستان میں ایسا جدید اور عالمی سہولتوں سے آراستہ ٹینس کورٹ نہیں دیکھا، خود بھی کھیلوں گا اور نوجوانوں کو تربیت بھی دونگا‘ ٹینس سٹار

منگل 19 ستمبر 2017 20:03

سپورٹس بورڈ پنجاب کے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ سے ٹینس کے کھیل کو فروغ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں بنائے گئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کو دیکھ کر مجھے یقین نہیں آرہا کہ پاکستان میں بھی عالمی معیار کا ٹینس کورٹ ہوسکتا ہے، عالمی معیار کا ٹینس کورٹ بنانے پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ٹینس کورٹ سے ٹینس کے کھیل کو فروغ ملے گا اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ٹینس کورٹ میں خود پریکٹس کروں گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت بھی دوں گاجبکہ ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ اعصام الحق پاکستان کا فخر ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے ، ٹینس کورٹ میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، ٹینس اکیڈمی کا بھی جلد افتتاح ہوگا، کرکٹ کی طرح ٹینس کے کھیل پر بھی طاری جمود جلد توڑ دیں گے اور بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آکر کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اعصام الحق نے کہا کہ جب مجھے ٹینس کورٹ کے دورے کی دعوت دی گئی تو مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ لاہور میں عالمی معیار کا ٹینس کورٹ بھی ہوسکتا ہے جس میں بہترین سہولتیں میسر ہوں گی، مجھے انتہائی خوشی ہے کہ ٹینس پر بھی توجہ دی جارہی ہے، حکومت ٹینس کو فروغ دے رہی ہے، 20سالہ کیریئر میں ،میں نے پاکستان میں ایسا کورٹ نہیں دیکھا جس میں جدید سہولتیں میسر ہوں اگر آپ راجر فیڈر، رافیل نڈال یا اینڈی مرے کو پاکستان کا دورہ کرانا چاہتے ہیں تو پاکستان میں ایسا کورٹ بھی ہونا چاہئے جہاں وہ آکر کھیل سکیں، اب امید کی جاسکتی ہے کہ 12سال بعد کوئی عالمی ٹینس سٹار بھی پاکستان آئیگا، ٹینس کورٹ میںخود بھی کھیلوں گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت بھی دونگا۔

جب بھی وقت ملا سپورٹس بورڈ پنجاب کے کوچنگ پروگرام میں حصہ لوں گا اور کوچنگ کروںگا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی خوش قسمتی ہوگی کہ اعصام الحق جیسا عالمی سٹار نوجوانوں کو تربیت دے گا، اعصام الحق کی مشاورت سے ٹینس کورٹ میںجن سہولتوں کی کمی رہ گئی ہے ان کو بھی فراہم کیا جائے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب صوبہ بھر میں سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر بنا رہا ہے، ہر تحصیل میں جمنیزیم اور گرائونڈز بنا رہے ہیں، صرف لاہور میں 22گرائونڈز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، اسی طرح پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس بھی مکمل ہوچکا ہے جس کا جلد افتتاح کردیا جائے گا۔

اعصام الحق نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کا دورہ کیا اور اس کے تمام شعبہ جات دیکھے، اعصام الحق نے ٹینس کورٹ میں شاٹس بھی کھیلے، علاوہ ازیں اعصام الحق نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس بھی دورہ کیا اور جم میں ایکسر سائز بھی کی، اس موقع پر اعصام الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس جیسا سوئمنگ کمپلیکس پاکستان میں نہیں ہے، بلاشبہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن سپورٹس کیلئے تاریخ ساز کام کررہے ہیں، سپورٹس کے منصوبے دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان میں بھی عالمی معیار کے سپورٹس کے منصوبے بن رہے ہیں جس سے پاکستان میں عالمی مقابلے منعقد کرائے جا سکیں گے۔

قبل ازیں ٹینس سٹار اعصام الحق نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن سے ملاقات کی اس موقع پر ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز ظہیر عباس اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ اور اعصام الحق کی والدہ محترمہ نوشین احتشام بھی موجود تھیں، اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب نے ٹینس سٹار اعصام الحق کو خوش آمدید کہتے ہیں گلدستہ اور سوینئر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :