پاکستان علماء کونسل کے تحت 22 ستمبر کو ملک بھر میں برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا‘ مقررین

ملک بھر میں احتجاج ، جلسے ، جلوس اور مظاہرے کیے جائیں گے ، مسلم دنیا کے مصائب اور مسائل کا حل وحدت امت میں ہے کشمیر سے فلسطین اور فلسطین سے برما تک مسلم خون بہہ رہا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں‘ طاہر محمود اشرفی و دیگر کا کانفرنس سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) پاکستان علماء کونسل کے تحت 22 ستمبر 2017ء کو ملک بھر میں برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا ، ملک بھر میں احتجاج ، جلسے ، جلوس اور مظاہرے کیے جائیں گے ، مسلم دنیا کے مصائب اور مسائل کا حل وحدت امت میں ہے ، کشمیر سے فلسطین اور فلسطین سے برما تک مسلم خون بہہ رہا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل راوالپنڈی کے زیر اہتمام جامع مسجد مرحبا کوری روڈ میں ہونیو الی اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ، کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا محمد اشفاق پتافی اور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل وحدت امت میں ہے ، آج اسلامی دنیا کو تعلیم اور سائنسی علوم کی طرف توجہ کرنی ہو گی ، کشمیر سے فلسطین اور فلسطین سے برما تک مسلم امہ کا خون بہایا جا رہا ہے لیکن امت کا اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے مظلوموں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،ریاستی اور گروہی دہشت گردی کے خلاف تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہو گی ،بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے انسانیت کے مجرم ہیں، کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں امریکی صدر کی پاکستان کو دھمکیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ برما کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور امریکی صدر کی دھمکیوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور وزیر اعظم پاکستان نے امریکہ سے تعلقات کے حوالہ سے جو پالیسی بیان کی ہے پوری قوم اس کی تائید کرتی ہے ، اعلامیہ میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت دس ہزار برما کے مہاجرین کو پاکستان لانے کی اجازت دے اور برما کے مہاجرین کیلئے فور ی طور پر امداد ی فنڈ کا اعلان کیا جائے ، اعلامیہ میں محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے قومی مصالحتی کونسل کے ضابطہ اخلاق کو درست سمت قرار دیا گیا ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی ، مسلم ممالک سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ میں قرارداد لانے کی ہر ممکن کوشش کریں اور برما کی حکومت کا مکمل معاشی و اقتصادی بائیکاٹ کیا جائے اور برما کے سفیر کو پاکستان سے واپس بھیجا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف جدوجہد کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے ، امریکی صدر کے بیانات اور افغان پالیسی کو پاکستانی قوم مسترد کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ برما میں ہونے والے مظالم اور امریکی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پوری قوم کے اتحاد نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف متحد ہے۔

(جاری ہے)

برما کے مسلمانوں پر ظلم انسانیت پر ظلم ہے ، اقوام متحدہ سمیت تمام انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ برما میں شہید ہونے والوں کا جرم مسلمان ہونا ہے اور پاکستان کے تمام مکاتب فکر اس ظلم کی مذمت کرتے ہیں۔ کانفرنس سے مولانا انوار الحق مجاہد ، چوہدری شبیر یوسف گجر ، مولانا محمد شہباز ، مولانا نائب خان ، مفتی شہباز عالم فاروقی ، محمد سعد اللہ ندیم ، مولانا احمد ندیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔